کورونا پر قابو پانا عوام کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ بھٹکل میں قائم کیے جارہے ہیں ’مِنی فیور کلینک‘۔ اسسٹنٹ کمشنر کا بیان
بھٹکل،2/جولائی (ایس او نیوز) اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس نے بھٹکل میں بگڑتی ہوئی کووِڈ کی صورت حال پر ایک پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کو قابو میں کرنا اب عوام کے اپنے ہاتھ میں ہے۔اور اگر عوام اس کو سنجیدگی سے لیں تو یہ کوئی مشکل کام بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو لازمی طور پر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے سے دوری بنائے رکھنے کے اصول پر پوری طرح عمل کرنا چاہیے۔عوام کی صحت پر نظر بنائے رکھنے کے لئے شہر میں 5تا 10’مِنی فیور کلینک‘قائم کیے جارہے ہیں۔میونسپل وارڈ کی سطح پر قائم کیے جارہے اس منی فیور کلینکس میں عوام اپنے بخار اور جسمانی حرارت کا معائنہ کرواسکتے ہیں۔اس کے علاوہ جن لوگوں کے اندر کورونا کی علامات موجود نہیں ہیں ان کی بیماریوں سے دفاع کی قوت بڑھانے والی دوائیں تعلقہ سطح پر فراہم کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔جن لوگوں کو بخار اور سر درد کی شکایت ہے ان کا معائنہ کرنے کے بعد ضروری دوائیاں دی جائیں گی۔مرض کی علامات اور اس کی شدت دیکھنے کے بعد ان لوگوں کو سرکاری طور پر کوارنٹین کرنا ہے یا نہیں کرنا ہے اس کا فیصلہ ڈاکٹر حضرات کریں گے۔