جنوبی کینرا میں طلبہ کی مڈ ٹرم چھٹیوں میں ایک ہفتے کی تخفیف
منگلورو5؍ستمبر (ایس او نیوز)محکمہ تعلیمات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنوبی کینرا کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پچھلے دنوں مسلسل برسات کی وجہ سے تعلیمی اداروں کو جو چھٹیاں دی گئی تھیں اس کی بھرپائی کے لئے اکتوبر میں دی جانے والی مڈ ٹرم چھٹیوں میں ایک ہفتے کی تخفیف کردی گئی ہے۔
اس سے قبل جاری کیے گئے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق یہ چھٹیاں 7اکتوبر سے 21اکتوبر تک ہونے والی تھیں۔ اب ضلع کے تمام بلاک ایجوکیشن آفیسرز کو بھیجے گئے نئے سرکیولر کے مطابق پرائمری اور ہائی اسکولوں میں مڈ ٹرم یا دسہرے کی چھٹیاں 14اکتوبر سے 21اکتوبر تک چلیں گی۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ستمبر کے پورے مہینے میں مسلسل پڑھانے لکھانے کا کام کیا جائے اور چھٹیوں کے نئے ایام کو سامنے رکھتے ہوئے مڈ ٹرم امتحانات کا شیڈول بنایا جائے۔
دوسری طرف اڈپی ضلع کے ڈی ڈی پی آئی نے اسکول والوں سے درخواست کی ہے کہ بارش کی وجہ سے تین دن کی مسلسل چھٹیاں جو دی گئی تھیں انہیں دوسری چھٹیوں کے ساتھ کسی طرح ایڈجسٹ کرلیا جائے یا پھر سنیچر کے دن دوپہر کو بھی کلاسس جاری رکھتے ہوئے نصاب کو پوراکرنے کی کوشش کی جائے۔