محبوبہ مفتی نے زیرحراست لوگوں کی تفصیل طلب کی
نئی دہلی،22؍ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حکومت سے بچوں اور خواتین سمیت ان لوگوں کی تفصیلات مہیا کرانے کے لئے کہا ہے جنہیں پانچ اگست کے بعد سے حراست میں لیا گیا ہے۔انہوں نے ریاست کے باہر جیلوں میں بند لوگوں کے بارے میں بھی معلومات مانگی ہیں۔مفتی نے تین دن کے اندر ہی معلومات مہیا کرانے کی بھی درخواست کی ہے۔جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے اور اسے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بانٹے جانے کے بعد سے حراست میں بند مفتی نے اپنی بیٹی التجا کی معرفت بھیجے گئے خط میں یہ معلومات مانگی ہیں۔ان کی بیٹی نے حال ہی میں ان سے ملاقات کی تھی۔التجا نے مرکزی داخلہ سکریٹری اور جموں و کشمیر کے داخلہ سکریٹری کو خط لکھ کر اطلاع مانگی۔انہوں نے کہا کہ ان کی ماں نے معلومات مانگنے کی ہدایت دی ہے۔التجا نے خط میں کہاکہ میری ماں محبوبہ مفتی کو پانچ اگست کی شام سے ہی حراست میں رکھا گیا ہے،میں گزشتہ ہفتے ان سے مل سکی تھی،ملاقات میں میری ماں نے صدر کی طرف سے جاری آئینی احکامات اور تنظیم نو قانون منظور ہونے کے بعد ہوئی گرفتاریوں اور حراست میں لوگوں کو رکھے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اس خط کو محبوبہ کے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی پوسٹ کیا ہے۔