آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی مجلس عاملہ کا اجلاس

Source: S.O. News Service | Published on 28th December 2021, 11:16 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،28؍دسمبر(ایس او نیوز؍راست)آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی مجلس عاملہ کا اجلاس یہاں مولانامصطفی رفاعی، قومی معاون جنرل سکریٹری کی سرپرستی، ریاستی صد رمفتی سید باقر ارشد قاسمی کی صدارت اورریاستی ملی کونسل کے سرپرستان مولانا راہی فدائی اور مولانا عبد الغفور باقوی کی موجودگی میں منعقد ہوا۔قاری محمد مظفر عمری صدر ملی کونسل بنگلور کی قرا ت اور ریاستی نائب صدر شاہ سید تاج الدین بابا کی نعت پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ ریاستی معاون جنرل سکریٹری جمیل احمدنے تجویز تعزیت پیش کی۔ دوسرے معاون جنرل سکریٹری محمد فاروق نے اراکین و عہدیداران کا استقبال کیا۔ریاستی جنرل سکریٹری سیدشاہد احمد نے تعارفی کلمات پیش کئے۔مولانا محمد مقصود عمران رشادی رکن عاملہ ملی کونسل کرناٹک اور خطیب جامع مسجد بنگلور سٹی نے موجودہ حالات میں ملت اسلامیہ کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ملی کونسل اسی وحدت کی علامت ہے اور اس کے بانیان نے وقت کی اس اہم ترین ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ملی کونسل کی بنیاد ڈالی تھی۔اس موقع پر حضرت حکیم الملت امیر شریعت کرناٹک مفتی محمد اشرف علی باقوی کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ مرکزی معاون جنرل سکریٹری سلیمان خان نے بتایا کہ ریاستی ملی کونسل کی پچھلی تشکیل جدید کے بعد صدر محترم نے کئی اہم منصوبے تیار کئے تھے جن میں سے بعض پر اقدام ہوا لیکن پھر سی اے اے سے متعلق احتجاجات اور کورونا وبا کے نتیجہ میں اکثر منصوبوں پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ بنیادی طور پر ریاست بھر میں ملی کونسل کی تشکیل جدید اور کونسل کو منظم اور اس کے کاموں کو استحکام فراہم کرنے کی فکر ضروری ہے۔اراکین نے اس کی تائید کی اور آپسی تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم و تشکیل کی مستقل ذمہ داری کے ساتھ ایک مزید معاون جنرل سکریٹری کا انتخاب ہونا چاہئے۔ چنانچہ اراکین کے مشورے سے سید مظہر قادری، موجودہ جنرل سکریٹری ملی کونسل بنگلور کو اتفاق رائے کے ساتھ معاون جنرل سکریٹری منتخب کر لیا گیا۔اس کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع کو انتظامی ڈویژنوں ہی کی بنیاد پر چار مختلف زونس میں تقسیم کرکے ہر زون کے لئے ایک مستقل سکریٹری کے تقرر کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بنگلور زون کے لئے ابراہیم خان تنویر اور میسور زون کے لئے ایوب اللہ خان چامراج نگر کو سکریٹریز منتخب کیا گیا۔ بلگاوی اور گلبرگہ زونس کے لئے سکریٹریز کے انتخاب سے متعلق ایک ایڈہاک کمیٹی قاضی غلام غوث صدیقی بلاری کی قیادت میں تشکیل دی گئی۔ریاستی سکریٹری حسین شریف نے انتخابی کارروائیوں کو دستوری اور جمہوری طرز پر برقرار رکھنے اور کونسل کے استحکام کے لئے شہر میں ایک مستقل دفتر کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔مولانا عبد الغفور باقوی نے کہاکہ ملی کونسل کے کاموں کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کے لئے اس کے مالی استحکام پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انتظامی امور پر فیصلوں کے بعد وحدت ملت تحریک اور شہر بنگلور میں تمام مکاتب فکر کے علماو خطباحضرات کا ایک بڑا اجلاس منعقد کرنے پر غور کیا گیا۔ڈاکٹر ظہیر احمد راہی فدائی نے اس اجلاس کی اہمیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملی کونسل وحدت ملت کی بنیاد پر ہی قائم ہوئی ے اور یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ دوسری تمام دینی قو می جماعتیں اور تنظیمیں جو ہمارے لئے قابل قدر اور توقیر ہیں ان سب کے مقابلہ میں ملی کونسل واحد تنظیم ہے جس کا قیام جنوبی ہند میں عمل میں آیا۔ نائب صدر مولانا نوشاد عالم قاسمی نے علماکے اجلاس کی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ملی کونسل کی سابقہ روایات اس بات کی شاہد ہیں کہ کونسل نے ہمیشہ علمائے کرام کی رہنمائی اور سرپرستی ہی میں کام کیا ہے اور یہ کونسل وقت کے اکابر علمائے کرام کی قیادت و سرپرستی میں قائم ہوئی ہے۔ دوسرے نائب صدر شاہ سید تاج الدین بابا بندہ نوازی نے مجلس کو ہمہ جہت بنانے اور ہر مسلک و مکتبہ فکر کے علماکو اس میں جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلہ میں مولانا محمد اظہر ندوی، سید شفیع اللہ، قاضی غلام غوث صدیقی بلاری،قاضی شیخ محمودو رشادی ٹمکور اور دیگر اراکین نے بھی اظہار خیال کیا۔ سلیمان خان کی کنوینر شپ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو بنگلور ضلع ملی کونسل کے مقررہ اراکین کے ساتھ مل کراس کارروائی کو انجام دے گی اور شہر بنگلور میں علماکرام کے ایک بڑے اجلاس کے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔ملی کونسل کے ملک بھر میں جاری دستور بچاو ملک بناو تحریک کو ریاست میں زمینی سطح تک جاری کرنے سے متعلق بھی غور و خوض کیا گیا۔ اراکین کے درمیان تبادلہ خیال کے بعد سید شفیع اللہ کی کنوینر شپ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو مذکورہ موضوع پر مناسب منصوبے تیار کرکے انہیں نافذ کرے گی۔مذکورہ کمیٹی کے اراکین میں عبد المنان سیٹھ، جمیل احمد، سید شاہد احمد اور سید مظہر قادری شامل ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔