تھینکس گیونگ: دو دن میں 20 لاکھ امریکیوں کا فضائی سفر، کرونا انتباہ نظر انداز

Source: S.O. News Service | Published on 24th November 2020, 5:54 PM | عالمی خبریں |

نیویارک، 24/نومبر (آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق جمعے اور ہفتے کو ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر 20 لاکھ مسافروں کو اسکرین کیا گیا۔ غالب امکان ہے کہ ان میں سے بیشتر لوگوں نے تھینکس گیونگ کا تہوار اپنے خاندان کے ساتھ منانے کے لیے سفر کیا۔

تھینکس گیونگ امریکہ کا سب سے بڑا تہوار ہے جسے یومِ تشکر بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر امریکہ بھر میں لوگ دور دراز کا سفر کر کے اپنے خاندان اور دوستوں کے پاس جاتے ہیں اور ان کے ساتھ یہ تہوار مناتے ہیں۔

تھینکس گیونگ سے امریکہ میں تعطیلات کا موسم شروع ہو جاتا ہے جو نئے سال کی آمد تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران اکثر لوگ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کرتے رہتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو دنوں میں 20 لاکھ افراد کے فضائی سفر کی یہ تعداد گو کہ گزشتہ سال کے مقابلے کم ہے، لیکن کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے باوجود جمعے کو اس سال مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں 10 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے فضائی سفر کے لیے ہوائی اڈوں کا رخ کیا۔ ​

اس سال کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث امریکہ کے محکمۂ صحت نے سفر سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ لیکن اس کے باجود لاکھوں امریکیوں نے فضائی سفر کے لیے ٹکٹ خریدے ہیں تا کہ یومِ تشکر منانے کے لیے اپنے پیاروں کے پاس پہنچ سکیں۔

مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں پر سفر پر روانگی کے لیے لوگوں کے ہجوم دکھائی دے رہے ہیں۔ بڑی فضائی کمپنیوں نے عالمی وبا کی وجہ سے اپنے صارفین کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ اپنا ٹکٹ منسوخ کرا سکتے ہیں۔

نیشنل کنزیومر لیگ سے منسلک جان بریولٹ کہتے ہیں کہ صارفین کو اگر اپنی صحت کی وجہ سے سفر کا ارادہ ترک کرنا پڑے تو انہیں فکرمند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں۔

زیادہ تر فضائی کمپنیاں اپنی سیٹ منسوخ کرنے پر ٹکٹ کی رقم تو واپس نہیں کریں گی، لیکن وہ فیس وغیرہ معاف کر کے واؤچر دیں گی۔ بریولٹ کہتے ہیں کہ مختلف ایئر لائنز مختلف قسم کے واؤچر دیں گی اور اس کا انحصار اس پر بھی ہو گا کہ آپ نے کب ٹکٹ خریدا تھا۔

یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کتنے افراد واؤچر حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن ہوائی اڈوں پر لوگوں کا ہجوم دیکھتے ہوئے یہ اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ زیادہ تر لوگ سفر ہی کریں گے۔

ایک روز قبل ہی وبائی امراض پر کنٹرول سے متعلق قومی ادارے 'سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن' نے کہا تھا کہ امریکیوں کو اس سال تھینکس گیونگ کے لیے سفر نہیں کرنا چاہیے اور یہ تہوار صرف اپنے ساتھ مقیم اہلِ خانہ کے ساتھ ہی منانا چاہیے۔

اس سے قبل امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکی ہوائی اڈوں پر لوگوں کے ہجوم ہونے پر انہیں تشویش ہے کیوں کہ اس سے عالمی وبا کے امریکہ میں خطرناک حد تک بڑھنے کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...