منگلورو:نابالغ لڑکی کو پھسلاکربھگالے جانے کے الزام میں طالب علم گرفتار
منگلورو13/دسمبر(ایس او نیوز) نابالغ لڑکی کوپھسلاکر اپنے ساتھ بھگالے جانے کے الزام میں اوروا پولیس اسٹیشن کے افسران نے کالج کے طالب علم کو گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے طالب علم کا نام ملّیش (19سال) ے جو اوپلا کا رہنے والا ہے اور شہر کے ایک کالج میں زیر تعلیم ہے۔ اس کی دوستی شمالی کرناٹکا سے تعلق رکھنے والی ایک17سال کی لڑکی کے ساتھ ہوگئی تھی۔ جسے اس نے اپنے ساتھ فرار ہونے آمادہ کرلیا اور اسے لے کر لاپتہ ہوگیا۔ لڑکی کے والدین کی جانب سے اوروا پولیس اسٹیشن میں لڑکی کو اغوا کرنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔
پولیس نے تحقیقات کے بعد لڑکی اور لڑکے کا اتہ پتہ ڈھونڈ نکالا اور انہیں واپس لے آئی۔ چونکہ لڑکی قانونی طور پر نابالغ ہے اس لئے پولیس نے لڑکے کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے تحت اغوا اور پوکسو قانون کے تحت نابالغ کے ساتھ جنسی ہراسانی کا کیس درج کردیاہے۔