مینگلور 2/ جنوری (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب پتور کے پاونجے سے بنگلورو جانے کے دوران شیرڈی گھاٹ کے اڈاہولے نامی مقام پر اچانک کار پر درخت گرنے سے کار کا مالک موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی بیوی اور بچے بال بال بچ گئے ۔ حادثہ اتوار صبح 7:30 بجے پیش آیا۔
اس المناک حادثہ کا شکار ہونے والے شخص کا نام سریش ناوڈا (43 سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ وہ بنگلورو میں آئی بی ایم سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کررہا تھا اور 23 دسمبر کو اپنی بیوی رشمی سیکویرا اور دو بچوں کے ساتھ اپنے آبائی گھر پاونجے آیا تھا ۔ اب واپس بنگلورو لوٹنے کے دوران پیش آنے والے حادثہ نے اس کی جان لے لی ۔
اطلاع کے مطابق سفر کے دوران رمیش کی کار جب اڈاہولے کے قریب پہنچی تو ایک زوردار آواز سنائی دی ۔ سریش نے کار سڑک کے کنارے لگادی اور آواز کا سبب جاننے کے لئے کار سے باہر نکل آیا اور کار کا بونٹ کھول کر جانچ کرنے لگا ۔ اسی وقت راستہ کے کنارے موجود ایک بہت بڑا درخت اس کی کار پر گر پڑا جس کی زد میں آنے سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔ جبکہ اس کی بیوی اور بچے جو کار کے اندر ہی بیٹھے تھے پوری طرح محفوظ رہے ۔
اپن انگڈی پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کر لیا ہے ۔