منگلورو : شرپسند اسکوٹر سوار - نابالغ طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے ہوگئے فرار
منگلورو،یکم دسمبر (ایس او نیوز) تلپاڈی میں پیش آئے ایک واقعہ میں اسکول جارہی ایک نابالغ طالبہ کے ساتھ اسکوٹر سوار شرپسندوں نے جنسی چھیڑ چھاڑ کی اور موقع پر سے فرار ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ طالبہ کوٹیکر میں واقع اسکول جانے کے لئے تلپاڈی چیک پوسٹ سے بس پکڑنے کی نیت سے اندرونی راستہ سے جارہی تھی ۔ اس دوران اسکوٹر سوار لڑکوں نے اس کے ساتھ جسمانی چھیڑخانی شروع کی تو اس نے چیخنا چلانا شروع کیا ۔ اس کی آوازیں سن کر جب تک مقامی افراد جمع ہوتے ، تب تک شرپسند موقع پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے لڑکی کی ہمت بندھاتے ہوئے اسے پولیس کے پاس شکایت درج کرنے پر آمادہ کرلیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس علاقے میں واقع کارخانوں کے مالکان بہت سارے مہاجر مزدوروں کو یہاں ملازمت پر رکھا ہے لیکن ان کی تفصیلات پولیس اسٹیشن میں درج نہیں کروائی ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح چھیڑ چھاڑ جیسے معاملے اس سے قبل بھی یہاں پیش آ چکے ہیں ۔ الال پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ ملزمین کی شناخت کے لئے اس علاقے میں واقع سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے ۔