الال: مذہبی مقامات کی ڈبیوں سے کنڈوم اور بی جے پی لیڈران کی بگڑی ہوئی تصویریں برآمد ۔کوناجے میں بھگوا جھنڈے پر ڈالی گئی غلاظت
الال،21؍جنوری (ایس او نیوز) الال میں کورگجّا اور گولی گجّا سے وابستہ مذہبی مقامات پر رکھی گئی نذرانہ کی ڈبیوں سے کنڈوم اور وزیر اعلیٰ،ان کے فرزند وجیندرا، امیت شاہ ، نلین کمار کٹیل اور دیگر بی جے پی لیڈران کی بگڑی ہوئی تصاویر بر آمد ہونے کا معاملہ پیش آیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جب ان مقامات کی ڈبیاں کھولی گئیں تو ان میں یہ قابل اعتراض چیزیں پائی گئیں۔ شرپسندوں نے بی جے پی کے ایک استقبالیہ بینر پر موجود تصاویر کو بگاڑ کر ڈبی میں ڈالا تھا۔ اس ضمن میں کورگجّا سمیتی نے الال پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔
اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں کوناجے میں واقع گوپال کرشنا بھجنا منڈلی پر لگے ہوئے بھگوا جھنڈے کو اتار کر اسے زمین پر پھینکنے کے بعد اس پر غلاظت ڈالنے کی شکایت بھی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ بی جے پی نے ان معاملات کی تحقیق اور ملزمین کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سٹی پولیس کمشنرششی کمارسمیت دیگر پولیس افسران نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کسی بھی مذہب کے خلاف جذبات کوٹھیس پہنچانے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا۔