منگلورو : ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ۔پولیس نے وصول کیاایک مہینے میں 7لاکھ روپے جرمانہ
منگلورو6؍اپریل (ایس او نیوز) منگلورو شہر میں موٹر گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی سہولت ایک بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے، جس کی وجہ سے زیادہ تر لوگ جہاں جگہ مل گئی وہاں اپنی گاڑیاں پارک کردیتے ہیں اور اس سے عوام کے لئے مزید مسائل پید اہوجاتے ہیں۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے منگلورو پولیس کمشنریٹ نے مارچ کے مہینے میں ایک مہم چلائی جس کے تحت ’نو پارکنگ‘ ایریاپارک کی گئی گاڑیوں کوان جگہوں پر پولیس کھینچ کر لے گئی اور گاڑی مالکان سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرجرمانہ وصول کرنے کے بعدگاڑیاں ان کے حوالے کیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک مہینے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے جملہ 910معاملات درج ہوئے اور بطور جرمانہ 7,04,900روپے وصول کیے گئے۔پولیس نے اپنی مہم کے دوران نو پارکنگ ایریا کے علاوہ فٹ پاتھ پر کھڑی کی گئی گاڑیاں بھی اٹھا لے گئی۔گاڑیوں کو نو پارکنگ ایریا سے کھینچ کر لے جانے کے لئے ٹھیکے دار کو مقرر کیاگیا ہے اور گاڑی مالک سے وصول کیے گئے جرمانے میں سے اس کا چارج ادا کیا جاتا ہے، جو ہر بڑی اور چھوٹی گاڑی کے حساب سے طے شدہ ہے۔
عوام نے اس بات پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے کہ جب گاڑیاں نو پارکنگ ایریا سے کھینچ کر لے جائی جاتی ہیں تو اس وقت ٹریفک پولیس کا کوئی عملہ موجود نہیں ہوتا۔