منگلورو23/مئی (ایس او نیوز) الال کی آشریہ کالونی کے ایک مکان میں مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کا یوم پیدائش منانے والے ہندومہاسبھا کے ایک لیڈر کو الال پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار شخص کا نام راجیش پجاری ہے جو کہ اکھل بھارتیہ ہندومہاسبھا کا ریاستی انچارج ہے۔معلوم ہوا ہے کہ کومبل آشریہ کالونی میں واقع وشواناتھ پجاری کے مکان میں اتوار کے دن گوڈسے کا یوم پیدائش منایا گیا تھا۔اس تعلق سے الال پولیس اسٹیشن میں ہندومہاسبھا کے لوکیش، لوہیت، دھرمیندرا،راجیش پجاری اور وشواناتھ پجاری کے خلاف الال پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کردیا گیا ہے۔پولیس نے تحقیقات کے دوران مصدقہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے راجیش پجاری کو گرفتار کرلیا۔دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لئے جال بچھادیا گیا ہے۔
گوڈسے کے جنم دن کی تقریب منعقد کرنے کے خلاف سوشیل میڈیا میں بہت زیادہ مخالفت اور مذمت سامنے آئی تھی۔اس کا نوٹس لیتے ہوئے منگلورو پولیس نے کارروائی کا فیصلہ کیا اور ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153، 505،149کے تحت الال پولیس میں سوو موٹو کیس درج کرلیا گیاتھا۔