منگلورو کےقریب مُلکی میں پیش آئی قتل اور خود کشی کی بھیانک واردات
منگلورو ، 10 / نومبر (ایس او نیوز) شہر کے قریبی علاقہ مُلکی پولیس تھانہ حدود کے بیلایورو گاوں میں ایک بھیانک واردات پیش آئی جس میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور بچے کو قتل کرنے کے بعد ریلوے ٹریک پر اپنی گردن کٹواتے ہوئے خود کشی کر لی ۔
اطلاع کے مطابق ریلوے ٹریک پر چلتی ٹرین کے نیچے سر دے کر خودکشی کرنے والے اجنبی شخص کی لاش دستیاب ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی تو لاش کے قریب پڑی ہوئی اسکوٹر کی چابی اور گھر کی چابی ہاتھ لگی ۔ اسکوٹر کے کاغذات سے پتہ چلا کہ اس شخص کا نام کارتیک بھٹ ہے جو کیمرال گاوں کے پکشی کیرے علاقے کا رہنے والا ہے ۔
پولیس کی ٹیم جب کارتیک کے گھر پہنچی تو وہاں ایک کمرہ تھا جس پر قفل لگا ہوا تھا ۔ جب کمرہ کھولا گیا تو اندر کارتیک کی بیوی پریانکا (28 سال) اور بیٹے ہردئے (4 سال) کی خون میں ڈوبی ہوئی لاشیں موجود تھیں جنہیں بڑی بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا ۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کارتیک نے 8 نومبر کی رات کو بیوی اور بچے کو قتل کیا تھا اور پھر اس کے بعد ریلوے ٹریک پر اپنی جان دے دی تھی ۔ کارتیک کی ڈائری میں جو ڈیتھ نوٹ ملا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ گھریلو جھگڑوں سے پریشان تھا اور بالآخر اس نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔
پولیس نے کیس درج کر لیا ہے مزید تحقیقات جاری ہے ۔