منگلورو میں کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے سے دو مزدور ہلاک
منگلورو28/فروری (ایس او نیوز) کارنگل پاڈی جنکشن کے پاس کھدائی کا کام کرنے والے تین مزدور قریب میں واقع کمپاؤنڈ کی دیوار گرجانے کی وجہ سے مٹی اور کیچڑ کے ملبے میں دب گئے۔ جب تک انہیں باہر نکالاجاتا ان میں دو کی جان چلی گئی تھی اور تیسرے مزدور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں منتقل کیاگیا ہے۔
مہلوکین کی شناخت باگلکوٹ کے رہنے والے بھیمیش(25سال) اور بنگال کے رہنے والے مسری گل(20سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی مزدور کا نام حانیکل (23سال) بتایا جاتا ہے جسے اینا پویا اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔
اس المناک واقعے کی اطلاع ملنے پر کدری پولیس اسٹیشن کے افسران اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ڈھیر سارے ملبے کے نیچے دبے ہوئے مزدوروں کی لاشیں نکالی گئیں۔رکن اسمبلی ویداویاس نے بھی جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔