دماغی طور پر بیمار نوجوان الال سے بس چوری کرکے لے آیا اڈپی تک!
منگلورو 7/اکتوبر (ایس او نیوز) ایک انتہائی سنسنی خیز معاملے میں دماغی طور پر بیمار نوجوان نے نہ صرف الا ل سے ایک پارک کی ہوئی بس چوری کی، بلکہ اسے خود ہی ڈرائیو کرتے ہوئے اڈپی تک لے آیا۔
جیسے ہی بس چوری کیے جانے کا پتہ چلا تو بس کے مالک نے اڈپی میں اپنے دوستوں کو خبر کردی۔ پھر پولیس حرکت میں آگئی اور سنتے کٹّے نامی مقام پر بس مالک کے دوست بس روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ چونکہ بس چوری کرنے والا نوجوان دماغی مریض ہے اس لئے اس کے خلاف کوئی کیس درج نہیں کیا گیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق نفاذ(20سال) نامی نوجوان دماغی مریض ہے، مگر وہ الال میں واقع ایک سروس اسٹیشن پر کام کرتا ہے۔ مذکورہ بس رات کے وقت اس سروس اسٹیشن کے احاطے میں پارک کی گئی تھی۔عموماً پارک کی گئی بسوں کی چابی ڈرائیور کے سیٹ کے نیچے رکھ ریتے ہیں، تاکہ صبح بس کی صفائی کے لئے کلینر کو سہولت ہو۔اتوار کی صبح کو’آیوھا پوجا‘رہنے کی وجہ سے دیگر تمام کلینروں نے دیر رات میں ہی اپنے بسوں کی صفائی کی اور تقریباً3بجے وہ لوگ وہاں سے نکل گئے۔لیکن جب اے آر ٹریول نامی بس کا کلینر صبح 5.30بجے بس کی صفائی کے لئے سروس اسٹیشن پر آیاتویہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ بس وہاں موجود نہیں تھی۔ اس نے بس کے ڈرائیور عبداللطیف کو فوری طور پراس کی طلاع دی۔اور ڈرائیور نے بس کے مالک کو خبر کردی۔پولیس کو جب اس واردات کے بارے میں بتایا گیا تو سب لوگ یہ جان کر حیران رہ گئے بس تو اڈپی کی طرف ڈرائیو کی جارہی ہے۔
بس مالک کے دوستوں نے سنتے کٹے میں بس روکنے کے بعد نفاذ اور بس دونوں کو اڈپی پولیس کی تحویل میں دے دیا۔چونکہ نفاذ نے الال سے اڈپی کی طرف جاتے ہوئے کئی مقامات پر روڈ ڈیوائیڈر سے بس ٹکرائی تھی اس لئے بس کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ الال پولیس کے افسران اڈپی پہنچ کربس مالک عبداللطیف کی مدد سے نفاذ کو اپنے ساتھ الال لے آئے۔
نفاذ کے والد کا کہنا ہے کہ اس نے بس ڈرائیور کرتے ہوئے انہیں فون کرکے بتایا تھاکہ وہ ایک مقدس مقام کی طرف جارہا ہے۔ جب انہوں نے پوچھا کہ وہ کیسے جارہا ہے تو اس نے بتایا کہ وہ بس سے جارہا ہے۔ نفاذ کے والد نے اپنی طرف سے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی تھی، اس سے بس کو ڈھونڈ نکالنے میں پولیس کو جلد ہی کامیابی ملی۔