منگلورو میں نشہ آور گولیاں فروخت کرنے والی گینگ کے 3 اراکین گرفتار
منگلورو 20/جولائی (ایس او نیوز)ساحلوں کے کنارے گھوم پھر کر نوجوانوں اور طلبہ کوMDMAنامی نشہ آور گولیاں فروخت کرنے کے الزام میں شہری پولیس نے 3ملزمین کوگرفتار کرلیا ہے ان کے پاس سے’ایکٹیسی‘کے نام سے معروف16گرام گولیاں ضبط کی گئیں جن کی قیمت 80ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ ملزمین کے پاس سے اسکوٹر، موبائل فون، نقد رقم وغیرہ ضبط کیے گئے۔گولیوں سمیت ان سب کی مجموعی مالیت 1,10,200روپے بتائی گئی ہے۔
گرفتار ملزمین کی شناخت الال کے رہنے والے ابوبکر مصباح (24سال)، سومیشورا پرمانور کے رہنے والے شبیراحمد عرف شبیر(27سال)اور آلیکل الال کے رہنے والے شہاب عبدالرزاق (27سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق جمعہ کے دن صبح 9 بجے پانمبور پولیس اسٹیشن کے حدود میں اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن بیوریو کی ایک اسپیشل ڈیوٹی کے طو ر پر گشت کررہی تھی۔ پھر جب مصدقہ اطلاع ملی تو اس ٹیم کے افسران نے چھاپہ مارکر مذکورہ بالا ملزمین کو’ایکسٹیسی‘ گولیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا۔بتایاجاتا ہے کہ ڈرگ مافیا سے جڑے یہ تین ملزمین نشہ آور گولیاں ممبئی سے منگواتے تھے اور پھرخاص کر کالج کے طلبہ کو نشانہ بناکر انہیں یہ گولیاں فروخت کیا کرتے تھے۔ منشیات فروشوں کی یہ تین رکنی گینگ پانمبور، الال اور دیگر علاقوں کے ساحلوں پر اپنا دھنداچلایا کرتے تھے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے گرفتاری کے بعد ملزمین اور ضبط شدہ اشیاء کو پانمبور پولیس کے حوالے کردیا۔
منشیات فروشی کے خلاف کی گئی اس کارروائی کواسسٹنٹ پولیس کمشنر سرینواس گوڈا کی قیادت میں پانمبور پولیس انسپکٹر عظمت علی،اسپیشل کرائم انٹلی جنس بیوریو کے اے ایس آئی محمدنے سٹی کرائم برانچ سب انسپکٹر کبّل راج، اے ایس آئی موہن شیٹیار، ہریش اور دیگر عملے کے تعاون سے انجام دیا۔