منگلورو میں کووڈ۔19 کی مریضہ نے بچے کو جنم دیا
منگلورو ،13؍جون (ایس او نیوز) مہاراشٹرا سے واپس ایک حاملہ خاتون جو چہارشنبہ کو کورونا سے متاثر پائی گئی، وینلاک کووڈ۔19 دوا خانہ میں بچے کو جنم دیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس کے دردزہ میں مبتلا ہونے پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے جمعرات کو آپریشن کے ذریعہ اس کی ڈلیوری کی۔ زچہ اور بچہ دونوں محفوظ ہیں۔
خاتون کا تعلق دکشن کنڑا کے کنیگولی سے ہے جو پیر کو شہر آئی تھی۔ وہ حمل کے آخری مرحلے میں تھی اور اگلے دن کمزوری کی شکایت پر اسے دوسرے دواخانہ لے جایا گیا تھا۔ چوں کہ وہ مہاراشٹرا سے واپس ہوئی تھی، اسے وینلاک ہاسپٹل کے علاحدہ وارڈ میں منتقل کر کے قرنطین کردیا گیا تھا۔ ان کے نمونے چہارشنبہ کو مثبت پائے گئے۔ نومولود کا کووڈ۔19 معائنہ چند دان بعد کیا جائے گا۔ ضلع ہیلتھ آفیسر رام چندر نے یہ بات کہی۔