منگلورو میں اسکول کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے سےقلی مزدور ہو ا ہلاک
منگلورو،19؍ستمبر (ایس او نیوز) منگلورو کے قریب کُلور میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں اسکول کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک قلی مزدور ہلاک ہوگیا۔مہلوک کی شناخت اومیش (38سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو کہ نیرمارگا کا رہنے والا تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اومیش اسکول سے قریب ہی کام کررہا تھا، اس وقت اچانک ہی کمپاؤنڈ کی دیوار گرگئی اور اس کے ملبے میں اومیش دب کر رہ گیا۔اتفاق سے دو دیگر مزدور اومیش کے ساتھ اسی مقام پر کام کررہے تھے لیکن وہ دونوں پوری طرح محفوظ رہے۔یہ تینوں مزدور جگدیش نامی شخص کے کمپاؤنڈ میں کام کررہے تھے۔مانا جارہا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے ہوئی مسلسل بارش کی وجہ سے مٹی بہت ڈھیلی پڑگئی ہوگی جس کی وجہ سے اسکول کمپاؤنڈ کی دیوار کے کھسک کر گر گئی ہوگی۔پولیس ، فائر بریگیڈ عملہ اور مقامی لوگوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر راحت کاری کا کام کیا مگر وہ لوگ اومیش کو زندہ باہر نکالنے میں ناکام رہے۔