منگلورو میں سڑک کی تعمیر نو کے وقت دریافت ہواایک صدی پرانا تاریخی کنواں !
منگلورو،18؍ ستمبر (ایس او نیوز) منگلورو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہمپن کٹّا کے علاقے میں سڑک کی تعمیر نو کے لئے کھدائی کے دوران ایک صدی پرانا تاریخی کنواں دریافت ہو اہے۔ اور تعجب کی بات ہے کہ ابھی بھی اس کنویں کا پانی بہت ہی صاف و شفاف ہے اور کنواں اچھی حالت میں موجود ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہمپن کٹّا آٹو رکشہ اسٹانڈ کے پاس جب مزدوروں نے سڑک کی کھدائی شروع کی تو وہاں پر زیر زمین ایک کانکریٹ کا سلیب نظر آیا ۔ اس کے اوپر کا ڈھکن ہٹاکر دیکھنے پر پتہ چلا کہ وہ ایک بہت ہی قدیم اور گہر اپانی کا کنواں ہے۔
قدیم کنواں بر آمد ہونے پر اس کی تاریخ سے متعلق کچھ باتیں بھی سننے کو ملنے لگیں۔ زیادہ لوگوں کا کہنا ہے یہ ایک سو سال پرانا کنواں ہے۔ یہاں پر کنویں سے قریب ہی ایک بڑا پیپل کادرخت ہوا کرتا تھا۔ اور اس کے اطراف بنے ہوئے چبوترے یا کٹّے پر ’اَپّنا‘ نامی ایک شخص بیٹھاکرتا تھااور اسی کنویں سے پانی نکال کر آنے جانے والے پیاسے لوگوں کو پلایا کرتاتھا۔ اسی وجہ سے اس علاقے کا نام ’اَپّناکٹّے‘ پڑگیا جو آگے چل کر عام بول چال میں ’ہمپن کٹّے ‘ میں بدل گیا۔کچھ لوگوں نے یہ بھی بتایاکہ اس علاقے میں ان کے آباو اجداد کی دکانیں تھیں اور وہ لوگ ماضی میں اپنے بچوں کو ’اَپّنا ‘ اور اس کنویں کے بارے میں کہانیاں سنایا کرتے تھے۔کچھ افراد نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں پورے منگلورو شہر میں اس طرح کے سیکڑوں کنویں ہوا کرتے تھے۔اسی وجہ سے عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ اتنے قدیم مگر بہترین حالت میں موجود کنویں کو محفوظ کیا جانا چاہیے۔
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد نذیر نے بتایا کہ سڑک کے نیچےتاریخی کنواں دستیاب ہونے کے بعد اس مقام پر کھدائی اور تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے۔ اب مقامی انتظامیہ اور دوسرے محکمہ جات کے ساتھ گفتگو اور مشورے کے بعد ہی اگلی کارروائی کی جائے گی۔