منگلورو: نیتراوتی پل سے غائب ہونے والے سیکیوریٹی گارڈ کی لاش ندی سے ہوئی برآمد
منگلورو،20؍جون (ایس اونیوز) جمعہ کے دن دوپہر میں نیشنل ہائی وے 66پرالال میں نیتراوتی پل سے غائب ہونے والے سکیوریٹی گارڈ کی لاش آج صبح سے ندی سے برآمد ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سریندرارائے (45سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
سریندرا کے بارے میں پتہ چلاہے کہ وہ ایک نجی اسپتال میں سیکیوریٹی گارڈ کے فرائض انجام دے رہا تھا۔ اس کی بیوی بھی اسی اسپتال میں ملازمت کررہی ہے۔جمعہ کے دن دوپہر کے وقت اس کا موبائل فون پل کے قریب پڑا ہوا ملا۔اس سے لوگوں نے اندازہ لگایا کہ سریندرا نے پل پر سے ندی میں چھلانگ دی ہوگی۔اطلاع ملنے پر پولیس نے وہ موبائل فون اپنے قبضے میں لیاتھااور سریندرا کو تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ آج اُولیا کے مقام پر اس کی لاش ندی سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے کیس داخل کرکے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی۔ خودکشی کی کوئی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کرر ہی ہے۔