جنوبی کینرا میں ڈینگی بخارکا بڑھتا سلسلہ۔ صرف 12دنوں میں سامنے آئے124معاملات
منگلورو 13/جولائی (ایس او نیوز)جنوبی کینرا ضلع میں ڈینگی بخارمیں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے اور یکم جولائی سے 12جولائی تک ڈینگی کے 124معاملات سامنے آئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ سرویلینس آفیسر ڈاکٹر نوین چندرا کولال نے بتایاکہ ”ڈینگی بخار کے 400مشتبہ معاملات سامنے آئے تھے جن میں سے 124مریضوں میں ڈینگی وائرس ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ان میں سے 39مریض اب تک اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ 30مریض ابھی ڈینگی کی دوائیاں لے رہے ہیں۔“ڈاکٹر نوین چندرا نے مزید کہا کہ ایک شہر کے ایک نجی اسکول کے طلبہ اس وائرس سے متاثرہونے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، جبکہ اس تعلق سے ایسی کوئی مصدقہ بات سامنے نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ”کدری اور بندر کے علاقے میں مچھروں کی افزائش بہت زیادہ ہوگئی ہے۔اس کی وجہ سے ڈینگی اور ملیریا بخار کی وبا ء پھیلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔مچھروں کی افزائش گندے اور صاف دونوں قسم کے پانی میں ہوتی ہے اس لئے لوگوں کو اپنے گھروں کے اطراف میں پانی جمع ہونے سے روکناچاہیے۔اس کے علاوہ سوتے وقت مچھروں سے بچنے کے لئے بدن پر نیم کا تیل لگاناا ور مچھردانیوں کا استعمال کرنا چاہیے۔“
ضلع پنچایت کے سی ای اوڈاکٹر سیلوامنی نے منگلورو سٹی کارپوریشن کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مچھروں کو مارنے کے فوری اقدامات کیے جائیں اور جن علاقوں میں ڈینگی اور ملیریا کے معاملات دیکھنے کو ملے ہیں، وہاں حالات پرمسلسل نظر رکھی جائے۔