مینگلور: سورتکل ٹول گیٹ ہوگی بند - ہیجماڈی گیٹ پر وصول ہوگا دوگنا ٹول - ہوراٹا سمیتی نے دیا شدید احتجاج کا انتباہ

منگلورو 25/ نومبر (ایس او نیوز) ایک طرف مرکزی حکومت نے سورتکل ٹول گیٹ بند کرنے کا فیصلہ سنایا تو دوسری طرف نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے ہیجماڈی گیٹ پر دوگنا ٹول وصول کرنے کے احکام جاری کیے ۔
سورتکل گیٹ بند ہونے سے عوام کو جو راحت ملنی چاہیے تھی اس پر پانی پھیرتے ہوئے حکومت نے سورتکل گیٹ کی بند ہونے والی آمدنی کو ہیجماڈی گیٹ پر وصول کرنے کا منصوبہ بنایا اور نظر ثانی شدہ ٹول فیس کے نام پر جو شرح جاری کی ہے اسے دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ فیس دوگنی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ KA 19 رجسٹریشن والی گاڑیوں کو ٹول فیس میں جو رعایت ملتی تھی اسے بھی ختم کیا گیا ہے ۔
ہیجماڈی گیٹ پر نظر ثانی شدہ ٹول فیس اس طرح ہوگی :
1۔ کار، جیپ، وین اور دیگر ہلکی موٹر گاڑیاں :
یکطرفہ : سورتکل 60 روپے + ہیجماڈی 40 روپے = جملہ 100 روپے
دو طرفہ : سورتکل 90 روپے + ہیجماڈی 65 روپے = جملہ 155 روپے
2 - لائٹ کمرشیل ، لائٹ گوڈس اور منی بس :
یکطرفہ : سورتکل 100 روپے + ہیجماڈی 70 روپے = جملہ 170 روپے
دو طرفہ : سورتکل 150 روپے + ہیجماڈی 100 روپے = جملہ 250 روپے
3 ۔ بس یا ٹرک (دو ایکسیل) :
یکطرفہ : سورتکل 210 روپے + ہیجماڈی 145 روپے = جملہ 355 روپے
دو طرفہ : سورتکل 310 روپے + ہیجماڈی 215 روپے = جملہ 525 روپے
4 ۔ بھاری تعمیراتی مشینیں اور گاڑیاں - تین تا چھ ایکسیل :
یکطرفہ : سورتکل 325 روپے + ہیجماڈی 225 روپے = جملہ 550 روپے
دو طرفہ : سورتکل 490 روپے + ہیجماڈی 335 روپے = جملہ 825 روپے
5 ۔ بہت زیادہ بھاری گاڑیاں - سات سے زائد ایکسیل :
یکطرفہ : سورتکل 400 روپے + ہیجماڈی 275 روپے = جملہ 675 روپے
دو طرفہ : سورتکل 595 روپے + ہیجماڈی 410 روپے = جملہ 1,005 روپے
ہیجماڈی گیٹ پر دوگنی فیس وصول کرنے کا سلسلہ یکم دسمبر سے شروع ہوگا ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا ( این ایچ اے آئی ) کا کہنا ہے کہ ہیجماڈی گیٹ پر دوگنی فیس وصول کرنے میں کسی قسم کا خلل یا رکاوٹ نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اگر بالفرض ایسا ہوا تو پھر جو نقصانات ہونگے اس کی بھرپائی اسٹیٹ سپورٹ معاہدے کے تحت ریاستی حکومت کرے گی ۔
ادھر سورتکل گیٹ پر منیر کاٹیپلّا کی کنوینر شپ میں گزشتہ تقریباً ایک مہینے سے غیر معینہ مدت تک کے لئے رات دن احتجاجی دھرنا دے رہی ہوراٹا سمیتی نے اعلان کیا ہے کہ اگر ہیجماڈی گیٹ پر ٹول فیس کو دوگنا کیا گیا تو احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی ۔
منیر کاٹیپلّا نے کہا :" غیر قانونی سورتکل گیٹ کو بند نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسے ہیجماڈی ٹول گیٹ میں ضم کیا گیا ہے ۔ این ایچ اے آئی کی نظر ثانی شرح فیس دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ٹول فیس میں بے حد اضافہ کیا ہے ۔ سیدھے سیدھے انہوں نے سورتکل گیٹ کے چارجس ہیجماڈی گیٹ پر وصول کرنے کا انتظام کیا ہے ۔ ہم اس اضافہ کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں ۔ اس نظر ثانی شدہ فیس کی وصولی شروع کرنے کے لئے ابھی ایک ہفتہ کا وقت ہے ۔ ہم اڈپی ایم پی اور ایم ایل اے کی جانب سے ردعمل کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ، کیونکہ انہیں اس اضافی فیس کو وصول کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ۔ ہم ایک ہفتے تک حالات پر نظر رکھیں گے ۔ اگر یکم دسمبر سے نئے چارجس کی وصولی شروع ہوئی تو پھر ہمارے احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ایک مہینے پہلے جب ٹول فیس میں اضافہ کی تجویز بھیجی گئی تھی تو ایم پی اور ایم ایل اے کو اس کی مخالفت کرنی چاہیے تھی ۔