منگلورو : آن لائن فراڈ میں خاتون ٹیچر نے گنوائے 7.47 لاکھ روپے
منگلورو 26/ جون (ایس او نیوز) کڈبا تعلقہ کے نیلیاڈی کی رہنے والی ایک خاتون ٹیچر اپنے بیٹے کی غفلت کی وجہ سے آن لائن فراڈ کا شکار ہوگئی جس میں اسے اپنے بینک کھاتہ سے 7.47 لاکھ روپے گنوانے پڑے ۔
رپورٹ کے مطابق سجیلا نامی خاتون ٹیچر کے بیٹے فون پر 11 جون کو ایک میسیج موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ اس کا اے ٹی ایم کارڈ بلاک کیا گیا ہے ۔ پھر 23 جون کو ایک دوسرا میسیج ملا جس میں کہا گیا کہ کے وائی سی اپڈیٹ کرنا ہے اور مزید تفصیلات کے لئے کسٹمر کیئر شعبہ سے 8240871104 پر رابطہ کیا جائے ۔ جب انہوں نے ایسا کیا تو فون پر موجود دھوکہ باز نے ان سے کہا کہ گھر کے کسی ایک اور شخص کے ایس بی آئی اکاونٹ کی تفصیلات اورفون نمبر بتایا جائے ۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خاتون ٹیچر کے بیٹے پرنو نے اپنی ماں کے بینک کھاتے کی تفصیلات اور فون نمبر بتا دیا ۔ اس کے فوراً بعد انہیں ایک او ٹی پی موصول ہوا اور پرنو نے قریب ہی موجود ایک اے ٹی ایم بوتھ میں جا کر انٹر نیٹ بینکنگ آپشن کے تحت دھوکے باز کی ہدایات پر عمل کیا ۔
اس کے بعد خاتون ٹیچر کو بینک سے میسیج ملا جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا انہوں نے اپنے بینک کھاتے کے ساتھ لنک کیا گیا فون نمبر کسی دوسرے نمبر سے بدل دیا ہے ؟ تب خاتون ٹیچر کو احساس ہوا کہ اسے آن لائن دھوکے بازوں نے ٹھگ لیا ہے ۔ اس نے اپنا بینک اکاونٹ چیک کیا تو اس میں سے 7.47 لاکھ روپے اڑا لیے گئے تھے ۔ وہ فوراً بینک کے دفتر پہنچی تو اسے بتایا گیا کہ کسی نے اس کے اکاونٹ سے 8 لاکھ روپے کا قرضہ لیا ہے ۔
خاتون ٹیچر کی شکایت پر نامعلوم دھوکہ بازوں کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔