منگلورو ایئر پورٹ پر رہے گی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب
منگلورو،16/ اگست (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ضلع انتظامیہ کی طرف سے بیرون ملک سفر پر جانے والے این آر آئیز کے لئے منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کووڈ 19 آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے یو اے ای حکومت کی طرف سے غیر ملکیوں کے ملک میں داخلہ پر لگی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا تھا اور مسافروں کو سفر سے پہلے 48 گھنٹوں کے اندر حاصل کی گئی آر ٹی پی سی آر نگیٹیو رپورٹ کےساتھ داخلہ کی اجازت دی تھی ۔ چونکہ یہ سہولت منگلورو ایئر پورٹ پر دستیاب نہیں تھی اس لئے ساحلی علاقہ کے مسافروں کو یہاں سے پرواز کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی ۔ این آر آئیز کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے اب بنگلورو اور ممبئی کی طرح اب منگلورو ایئر پورٹ پر بھی یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی سی نے بتایا کہ منگلورو سے یو اے ای کے فلائٹس 17 اگست سے شروع ہونے کی توقع ہے ۔
یو اے ای میں مقیم کرناٹکا کی مختلف تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا کے اس اقدام کی ستائش کی ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔