بھٹکل:8؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے نیترانی جزیرہ کے قریب ماہی گیری کشتی چٹان سے ٹکرانے کے نتیجے میں کشتی غرق ہوگئی، البتہ کشتی پر سوار سبھی دس ماہی گیروں کو بچالیا گیا یہ واقعہ بحر عرب میں اتوار کو پیش آیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سمندر میں مچھلی کا شکار کرنے کے دوران موسم کی خرابی کے چلتے کسبا بینگرے منگلورو کی شائمہ نامی IND-KA01-MM-3714نمبروالی بوٹ کاروار میں لنگر ڈالے ہوئے تھی۔ موسم جب درست ہوا اور سمندری موجوں کا جوش جب کم ہوا تو بوٹ منگلورو کی طرف روانہ ہونے کے لئے نکلی تھی جس کے دوران نیترانی جزیرے کے قریب سے گزرنے کے دوران اچانک سمندری چٹان سے ٹکراگئی ،ٹکر لگتے ہی بوٹ کے اندر پانی بھرنا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے کشتی کچھ ہی دیر میں غرق ہوگئی۔ اس موقع پر غرقاب ہونے والی کشتی کے سبھی ماہی گیر قریب سے گذرنے والی ایک دوسری بوٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگٔے۔
بھٹکل کوسٹل سیکورٹی پولس کے اعلیٰ آفسر سریش نایک نے بتایا کہ واقعے کے تعلق سےبوٹ مالک منگلورو کے کسبا بینگرے کے محمد آصف ابن بی عبدالقادر پتو بھاو کو جانکاری دے دی گئی ہے اور وہ بھٹکل پہنچ رہے ہیں۔
کشتی کے غرق ہوجانے سے قریب ایک کروڑ پانچ لاکھ مالیت کا نقصان ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
بتایا جارہاہے کہ بوٹ پر کل 10ماہی گیر سوار تھے جن کا تعلق تمل ناڈو سے ہے۔ معاملے کولے کر مرڈیشورپولس تھانے میں شکایت درج کی گئی ہے۔