مینگلور : ڈپٹی کمشنر کے خلاف عوام کو بھڑکانے اور نقصان پہنچانے کی دھمکی - ایچ جے وی لیڈر جگدیش کارنت پر معاملہ درج
مینگلور 24 / نومبر (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ڈپٹی کمشنر کے خلاف عوام کو بھڑکانے ، ڈی سی دفتر کا محاصرہ کرنے پر اکسانے اور حملہ کی ترغیب دینے کے الزام میں اشتعال انگیز بیانات کے لئے بدنام ہندو جاگرن ویدیکے (ایچ جے وی) لیڈر جگدیش کارنت پر پونجلکٹے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 21 نومبر کو ایچ جے وی نے کاولمدور گاوں میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگدیش کارنت نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا کو نشانہ بنایا ۔ اور بنٹوال کے کرینجیشور مندر کے اطراف چل رہی پتھروں کی کھدائی روکنے کے لئے ڈی سی کو 21 دسمبر تک آخری تاریخ کی مہلت دی اور کہا کہ " تب تک پتھروں کی کھدائی نہ روکنے کی صورت میں 21 دسمبر کو ہزاروں افراد ڈی سی کے دفتر پر دھاوا بولتے ہوئے اس کا محاصرہ کریں گے اور ڈی سی کا کالر پکڑ لیں گے ۔ اگر ڈی سی میں دم ہے تو پھر پتھروں کی کھدائی روک کر دکھائے "
بتایا جاتا ہے کہ اپنی بدزبانی اور بدکلامی کے لئے مشہور جگدیش کارنت نے ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے صیغہ واحد کا استعمال کیا ۔ عوام کو جرم پر اکسانے اور جسمانی حملہ کرکے سرکاری افسر کونقصان پہنچانے کی ترغیب دینے والے کارنت کے اس اشتعال انگیز بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ڈاکٹر راجیندرا نے 23 نومبر کو پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ۔ جس کے بعد پولیس نے جگدیش کارنت پر آئی پی سی کی دفعات 153, 117, 504, 506 اور 189 کے تحت کیس درج کر لیا ہے ۔