سمندر کنارے مچھلیوں کے شکار کے دوران دھماکہ۔ ایک نوجوان ہلاک
کاروار 21/ستمبر (ایس او نیوز) کاروار تعلقہ کے مودگا البیلے میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے لئے سمندر کنارے جانے والا ایک نوجوان اس وقت ہلاک ہوگیاجب اس کے ہاتھ میں موجود دھماکہ خیز مادہ پھٹ پڑا۔
اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کا نام ماروتی گوڈا(38سال) بتایا جاتا ہے جو چینڈیا کا رہنے والا تھا۔ ماروتی جو کاروا ر کے بحری اڈے پر ٹھیکیداری کے تحت ملازمت کررہاتھا، اپنے دیگر 6دوستوں کے ساتھ جمعرات کی شام کو البیلے میں مچھلیوں کا شکار کرنے گیا ہوا تھا۔ مچھلیوں کے شکار کے لئے یہ لوگ جیلیٹین اسٹک(ڈائنامائٹ) کا استعمال کرنے والے تھے۔مچھلیوں کے شکار کا ایک عام مگر خطرناک طریقہ ہے جس میں بارودی چھڑی کو آگ لگاکر ندی یا سمندر میں پھینک دیا جاتا ہے اور پھر جب پانی میں دھماکہ ہوتا ہے تو مچھلیاں ہلاک ہوجاتی ہیں اور کچھ دیر کے بعد غوطہ لگاکر ان مچھلیوں کو حاصل کیا جاتا ہے۔
جب ماروتی نے اس مقصدسے بارودی چھڑی کو آگ لگائی تو اُسے محسوس ہوا کہ ابھی آگ نہیں لگی ہے اس لئے اس نے چھڑی کو پانی میں پھینکنے کے بجائے دوبارہ آگ لگانے کے لئے بارودی چھڑی میں ہاتھ میں ہی تھامے رکھی۔اور اس دوران بارودی مادہ اس کے ہاتھ میں پھٹ گیا۔اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ فوری طور پراسے انکولہ تعلقہ اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن اس کی جان بچائی نہیں جاسکی۔