منگلورو میں سائبر کرائم پولس کی آڑ میں ایک شخص کو لگایا گیا 35 لاکھ روپے کا چونا
منگلورو 29 / ستمبر (ایس او نیوز) سائبر کرائم کے سلسلے میں رات دن بیداری لانے کی کوشش کے باوجود روزانہ کوئی نہ کوئی اس جال میں پھنستا رہتا ہے ۔ سائبر فراڈ کی تازہ واردات منگلورو شہر میں پیش آئی ہے جس میں ایک شخص نے 35 لاکھ روپے گنوائے ہیں ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق فریب کاروں نے کورئیر پارسل بھیجے جانے اور اس میں نشہ آور اشیاء ہونے کی وجہ سے ممبئی کرائم برانچ پولیس کے شکنجے میں پھنسنے کا خوف دلانے کا اپنا معروف طریقہ اپنایا ہے ۔ فراڈ کا شکار ہونے والے شخص کی طرف سے سائبر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت کے مطابق اسے کسی اجنبی نے کوریئر سینٹر کے عملے سے تعلق رکھنے والے کارتک شرما کے روپ میں فون کرکے بتایا کہ اس کے ذریعے ممبئی سے تائیوان کے لئے بھیجے گئے کوریئر پارسل میں منشیات پائی گئی ہیں اور وہ پارسل ممبئی کرائم برانچ پولیس کی تحویل میں ہے ۔ اس لئے سائبر پولیس افسر سے بات کرنے کے لئے اسے فون نمبر دیا گیا ۔
اس نمبر پر فون کرنے پر پرانیش گپتا نامی شخص نے سائبر کرائم افسر کے روپ میں ویڈیو کال کے ذریعے اس سے بات کی اور بتایا کہ بین الاقوامی منشیات فروشی معاملے میں تمہارا نام درج کیا گیا ہے ۔ اس لئے تمہیں گرفتار کیا جائے گا ۔ تمہیں اس معاملے سے خلاصی کے لئے رقم ادا کرنا ہوگا ۔ اس سے خوف زدہ ہو کر متاثرہ شخص نے دھوکے باز ملزموں کو مرحلہ وار 35 لاکھ روپے ادا کیے ۔
پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔