مریضہ کے لئے برطانیہ سے آئی ہوئی ایئر ایمبولینس منگلورو ایئرپورٹ پر ہوگئی خراب۔ مریضہ دوبارہ اسپتال منتقل
منگلورو 27؍ جنوری (ایس او نیوز) ایک برطانوی سیاح کو فوری علاج کے لئے اپنے وطن لے جانے کی خاطر منگلورو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر پہنچنے والی ایئر ایمبولینس میں خرابی پید ا ہو گئی ، جس کی وجہ سے ایمبولینس میں چڑھائی گئی مریضہ اور اس کے شوہر کو فوری طور پر باہر نکالا گیا اور مریضہ کو دوبارہ شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق این لیوش اسمتھ ایک سیاحتی جہاز(cruise)سے دس دن پہلے منگلورو شہر میں پہنچی تھیں۔این کو سانس لینے میں سخت تکلیف ہونے کی وجہ سے منگلورو کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔این لیوش اسمتھ اور اس کے شوہرنے مزید علاج کے لئے یونائیٹیڈ اسٹیٹس کے چلے جانے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے وہاں سے ایک ایئر ایمبولینس طلب کرلی ۔ جب منگلورو ائر پورٹ پرسنیچر کے دن شام پانچ بجے مریضہ اور اس کے شوہر کوایئر ایمبولینس میں چڑھادیا گیااور وہ ٹیک آف کرنے ہی والی تھی، تو اچانک اس کے اندر تکنیکی خرابی پیداہوگئی۔جس کے بعد دونوں مسافروں کو نیچے اتاردیاگیا۔
بتایاجاتا ہے کہ منگلورو ایئر پورٹ پر کسی غیر ملکی ایئر ایمبولینس کے بگڑ جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اب اس بگڑی ہوئی ایمبولینس کی مرمت کے لئے یو کے سے ایک دوسری فلائٹ ماہرین کو لے کر آرہی ہے ، جس میں این لیوش اسمتھ اور اس کے شوہر کو اپنے وطن واپس لے جانے کا انتظام کردیا جائے گا۔