چا ر بھگوا ملزمین کو ممبئی ہا ئی کورٹ نے جاری کئے مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات، ضمانت منسوخ کرنے جمعیۃ علماء کا سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ
ممبئی،15/جون (ایس او نیوز/پریس ریلیز) ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے مالیگاؤں 2006بم دھماکہ معاملے میں گرفتار چار بھگوا ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے، نیز بھگواملزمین کی جانب سے مسلم ملزمین کے ڈسچارج کے خلاف داخل عرضداشت پر فور ی سماعت کرنے سے انکار کردیا۔
ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس اندرجیت موہنتی اور جسٹس بد ر نے آج کھلی عدالت میں اپنا فیصلہ پڑھ کر سناتے ہو ئے کہا کہ ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کیا جارہا ہے نیز انہیں نچلی عدالت میں دوران سماعت حاضر رہنا ہوگا۔ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ار شد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ ملزمین دھان سنگھ،لوکیش شرما، منوہر نرواریا اور راجندر چودھری کو حالانکہ ممبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے؛ لیکن جمعیۃ علماء بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ملزمین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر ے گی۔
گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ متاثرین کی جانب سے عدالت میں سینئر ایڈوکیٹ بی اے دیسائی نے تقریباً تین دنوں تک بحث کی،لیکن عدالت نے اے ٹی ایس اور این آئی اے کی چارج شیٹ میں موجود تضاد کا ملزمین کو فائدہ دیتے ہوئے انہیں مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے۔آج بھی سینئر وکیل نے عدالت سے گذارش کی کہ اس معاملے کی نچلی عدالت میں روز بہ روز سماعت شروع کئے جانے کے احکامات جاری کئے جائیں جس پر عدالت نے کوئی بھی فیصلہ صادر نہیں کیا اور کہا کہ اس تعلق سے دیگر عرضداشتوں کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ موصول ہونے کے بعد سینئر وکلاء سے صلاح و مشورہ کیا جائے گا نیز ملزمین کی ضمانت منسوخ کرنے کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔خیال رہے کہ دورن بحث بھگوا ملزمین کے وکلا نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے سیاسی مفاد کے مد نظر 9 مسلم نوجوانوں کو مقدمہ سے ڈسچارج کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے بعد 4 دیگر ملزمین (ہندو) ملزمین کی گرفتاری عمل میں آئی۔
واضح رہے کہ سن 2016میں خصوصی این آئی اے عدالت نے مالیگاؤں 2006بم دھماکہ معاملے کے نو مسلم نوجوانوں کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا تھا نیز قومی تفتیشی ایجنسی NIA نے ملزمین دھان سنگھ،لوکیش شرما، منوہر نرواریا اور راجندر چودھری کو مالیگاؤں 2006 بم دھماکہ کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔