مہندرسنگھ دھونی کا ریٹائرمنٹ پلان سامنے آیا، کریں گے یہ خاص کام
نئی دہلی،27 نومبر (ایس او نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو گزشتہ مہینوں کے دوران ٹیم انڈیا کی کی ٹی -20 ٹیم سے باہرکاراستہ دکھا دیا گیا تھا۔ جیسا کہ یہ پہلے ہی واضح ہوچکا ہے کہ دھونی 2019 عالمی کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کوالوداع کہہ دیں گے۔ ایسے میں ان کے مداحوں کے ذہن میں سوال ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دھونی کیا کریں گے؟
بہرحال دھونی نے بھی اس بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے اوروہ کئی سارے کاموں میں ہاتھ آزمارہے ہیں۔ حال ہی میں دھونی نے چھتیس گڑھ کے کھلاڑیوں کے لئے ریاست میں کرکٹ اکیڈمی شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے لئے دھونی نے محکمہ کھیل کو ایک مسودہ (ڈرافٹ) بناکربھیجا ہے۔
رائے پورکے شہید ویرنارائن بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں اکیڈمی شروع کرنے کو لے کربات چل رہی ہے۔ کھیل محکمہ نے ایم اویو پراپنی رائے دینے کے بعد اب ریاستی انتظامیہ کو تجویز بھیج دی ہے۔ محکمہ کھیل اورنوجوانکے ڈائریکٹردھرمیش ساہو نے بتایا کہ مہندر سنگھ دھونی کی طرف سے تجویزآئی ہے، اس پرضوابط کے مطابق کارروائی کرنے کے بعد ریاستی حکومت کو بھیجا جائے گا۔ دھرمیش کا کہنا ہے کہ اس سے ریاست کے کھلاڑیوں کو فائدہ ملے گا۔ دھونی نے مسودہ ڈاک کے ذریعہ بھیجا ہے۔ محکمہ کھیل مسودہ کو ریاستی حکومت کوبھیجے گا، اس کے بعد ریاستی حکومت اس پرآخری فیصلہ لے گی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (سی ایس سی ایس) ریاستی حکومت سے 90 سال کے لئے اسٹیڈیم کو لیز پرلینے جارہا ہے۔ اگراسٹیڈیم سی ایس سی ایس کو ملتا ہے تو دھونی کی اکیڈمی کھلنا ممکن نہیں ہے۔ چھتیس گڑھ محکمہ کھیل نے بھی گراونڈ کو لیز پردینے کی تقریباً تیاری کرلی ہے۔ اس کے بعد سی ایس سی ایس اوربی سی سی آئی کے ماتحت گراونڈ ہوگا۔ اس کے بعد بین الاقوامی میچ کروانے کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔