سوشل میڈیا پر پولیس اہلکاروں کے مطالبے پوسٹ کرنے والا کانسٹیبل معطل
جبل پور،15/اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش پولیس نے سوشل میڈیا پر پولیس نظام میں بہتری لائے جانے سمیت پولیس اہلکاروں کے مختلف مطالبات کو مبینہ طور پر پوسٹ کرنے والے اپنے ایک کانسٹیبل کو معطل کر دیا ہے۔جبل پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امت سنگھ نے منگل کو بتایاکہ کانسٹیبل شبھم باجپائی اپنے موبائل نمبر سے سوشل میڈیا پر گروپ بنا کر پولیس نظام میں بہتری لائے جانے سمیت پولیس اہلکاروں کے مختلف مطالبات کو پوسٹ کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کانسٹیبل کا یہ طریقہ پولیس طرز عمل کے برعکس ہے اور اس کی طرف سے کی گئی غیر ڈسپلن سے محکمہ پولیس اور حکومت کی شبیہہ بھی خراب ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے اس کو فوری طور پر خدمات سے معطل کر دیا گیا ہے۔معطلی کے دوران یہاں اسے پولیس لائن میں اٹیچ کیا گیا ہے۔سنگھ نے بتایا کہ شبھم جبل پور ضلع کی ننسر پولیس چوکی میں تعینات تھا۔وہ فیس بک، وہاٹس اپ اور ٹویٹر پر پولیس نظام میں بہتری لائے جانے سمیت پولیس اہلکاروں کے مختلف مطالبات کو پوسٹ کر رہا تھا۔