مینگلور 30 نومبر (ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 50 کلو میٹر دور اُپیننگڈی میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں بارہ سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا بھائی، ماں اور آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔
حادثہ پیر کی شام کو اُس وقت پیش آیا جب مینگلور بینگرے کی رہنے والی خدیجہ اپنے دو بیٹوں عاشق اور اشرف کے ساتھ اپنے آبائی گاوں اُپیننگڈی کے ہیرتڈکے جارہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک لاری ان کی آٹو سے تیز رفتار ی کے ساتھ ٹکراگئی۔ ٹکر میں آٹو رکشہ کے پرخچے اُڑ گئے جبکہ 12 سالہ اشرف نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ماں خدیجہ، بڑا بھائی عاشق اور آٹو ڈرائیور صدیق حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں مینگلور اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ماں اپنے دو بیٹوں کے ساتھ بس پر سوار ہوکر مینگلور سے اُپیننگڈی پہنچے تھے، بس سے اُتر کر یہ لوگ آٹو پر ہیرتڈکے نامی مقام پر واقع اپنے گھر جارہے تھے جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاری ہاسن سے آرہی تھی، کسی سواری کو اوورٹیک کرنے کے دوران آٹو سے ٹکراگئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پُتور ڈی وائی ایس پی گانا پی کمار، ٹریفک پی ایس آئی رام نائک سمیت دیگر اہلکار موقع پر پہنچے اور جائے وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے معاملہ درج کرلیا۔