بھٹکل: کوروناوائرس کی روک تھام اور لاک ڈاون میں مزید سختی برتنے اب اُڑائے جائیں گے ڈرون کیمرے؛ گلی کوچوں میں آوارہ گردی کرنے والے ہوشیار

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 30th March 2020, 9:38 PM | ساحلی خبریں | ریاستی خبریں |

بھٹکل 30/مارچ  (ایس او نیوز) صرف کرناٹک ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں بھٹکل کو لے کر تشویش پائی جارہی ہے کیونکہ  اتنے چھوٹے سے علاقہ میں  کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی تعداد  بڑھتی جارہی ہے۔چونکہ یہاں کے اکثر لوگ بیرون ممالک میں رہتے ہیں، اس لئے یہ وائرس دوسرے ملکوں سے یہاں آرہی ہے۔  ہمیں دہلی سے فون بھی موصول ہورہا ہے کہ بھٹکل میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، ویسے تو بھٹکل سمیت پورے ضلع میں لاک ڈاون پر پورا عمل ہورہا ہے اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں لیکن بعض جگہوں سے ہمیں خبریں مل رہی ہیں کہ گلی کوچوں اور اندرونی علاقوں میں  لوگ آوارہ گردی کرتے ہیں اور فاصلے رکھے بغیر جمع ہورہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام خود اپنی حفاظت کریں  اور اپنے گھروالوں کی حفاظت پر پورا زور  دیں جس کے لئے ضروری ہے کہ لوگ  اپنے  اپنے گھروں میں ہی رہیں،  آپ دوسروں سے میل جول رکھیں گے تو وائرس ایک سے دوسرے میں  پھیلے گا،اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاون کا اعلان کیا گیا ہے  مگر  اب ہم ضلع اُترکنڑا میں  مزید سختی برتتے ہوئے  لاک ڈاون پرعمل کروانے  ڈرون کیمروں کو اُڑانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ شہر پر مکمل نگرانی رکھی جاسکے۔ اس بات کی اطلاع اُترکنڑا کے ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے دی۔

کاروار سے بھٹکل پہنچ کر بھٹکل میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد  اور محکمہ پولس کو ضروری ہدایات دینے  کے بعد وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے بھٹکل میں  بے جا لاٹھی چارج کئے جانے کے تعلق کو سرے سے خارج کردیا اور کہا کہ ہم نے کہیں پر بھی لاٹھی چارج  نہیں کی ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست کے دیگر اضلاع  میں لاٹھی چارج  ہوئی ہوگی، مگر  بھٹکل یا اُترکنڑا میں کہیں پر بھی لاٹھی چارج  کے واقعات نہیں ہوئے ہیں۔ ساحل آن لائن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی سے بھی پوچھا کہ آخر بھٹکل میں کہاں لاٹھی چارج کی گئی تھی۔ ایس پی نے واضح کیا   کہ بھٹکل میں  کرفیو یا ایمرجنسی فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے  نافذ نہیں کیا گیا ہے کہ لوگوں پر پولس زبردستی کرے،  بلکہ یہاں ہیلتھ ایمرجنسی اس لئے  نافذ کی گئی ہے کہ یہاں کے لوگوں کو ہم کورونا  وباء سے محفوظ رکھ سکیں۔ ہم لوگ آپ کی صحت  کی بہتری کے لئے یہاں اپنی خدمات انجام دے  رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں یہ وائرس پایا جاتا ہے تو اس میں  اُس شخص کی کوئی غلطی نہیں ہوتی،  یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص کو  پھیلتا چلا جاتا ہے، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ وہ حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے انتظامیہ اور میڈیکل ٹیموں کےساتھ تعاون کریں۔

ایس پی شیو پرکاش نے عوام الناس سے درخواست کی کہ برائے کرم  اپنے اپنے گھروں میں ہی بند رہیں، گھر میں بھی ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھیں اور کورونا کا خاتمہ کرنے ہرممکن تدابیر اختیار کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ  امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ضلع بھر میں 46 معاملات درج کئے گئے ہیں، اب ہم ہیلتھ ایمرجنسی کی خلاف ورزی کرنے پر سیدھے سیدھے کیس فائل کررہے ہیں،لوگ اگر غیر ضروری طو پر اپنی سواریوں پر گھومتے ہیں تو  سواریوں کو ہی ضبط کررہے ہیں اور بعض معاملات  میں غیر ضروری  اِدھر سے اُدھر جانے والوں پر  بھاری جرمانہ بھی   عائد کررہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اب انتظامیہ کی طرف سے ضروری اشیاء کو گھر گھر پہنچانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں، بعض جو چھوٹے موٹے مسائل ہیں اور شکایتیں ہیں ہم اُن پر بھی قابو پانے کے لئےہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ مگر عوام کو گھروں میں رہنے ہرممکن سہولت فراہم کررہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ایس پی نے بتایا کہ سوشیل میڈیا پر جو لوگ کورونا کو لے کر غلط اور  بے بنیاد خبریں پوسٹ کررہے ہیں، ہم اُن پر معاملات درج کررہے ہیں، سرسی اور ڈانڈیلی میں ایک ایک کیس درج ہوچکا ہے، ہمیں بھٹکل سے بھی شکایت موصول ہوئی ہے کہ یہاں کورونا جہاد کے نام پر سوشیل میڈیا پر بے بنیاد  خبریں پوسٹ ہوئی ہیں، ہم یقیناً اس طرح کی سماج کو بانٹنے والی باتیں لکھنے والوں کے خلاف سخت  کاروائی کریں گے۔

ایس پی نے بتایا کہ بھٹکل کے زیادہ تر عوام بیرون ممالک میں مقیم ہیں، وہیں سے کورونا وائرس شہر میں آرہا ہے، ایسے میں اس وائرس پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ اس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ہم بیرون ممالک سے آئے ہوئے اُن تمام حضرات سے درخواست کرتے ہیں کہ پہلے تو آپ اپنے آپ کو الگ تھلک کرکے گھر پر ہی بند رہیں اور اگر آپ میں کورونا کے کوئی بھی اثرات ظاہر ہوتے ہیں یا کسی بھی طرح کا شک  ہے تو پہلی فرصت میں سرکاری اسپتال پہنچ کر اپنی جانچ کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹکل کے اکثر عوام  نہایت خوشحال ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں کے  جن لوگوں کی رپورٹس کورونا پوزیٹیو آئی ہے اُن کو کاروار کے نیوی (فوجی) اسپتال میں داخل کیا گیا ہے تاکہ اُنہیں بہترین ٹریٹمنٹ مل سکے۔ اسی طرح یہاں کے لوگوں کے رہن سہن کو دیکھتے ہوئے بیرون ممالک سے آئے ہوئے مسافروں کو انجمن انجینرنگ کالج کے ہوسٹل میں ہی کورنٹائن میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ہم اپنی طرف سے یہاں کے لوگوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہمارا مقصد ہی یہی ہے کہ ہم اس  وباء پر قابو پاسکیں  ،  مگر ہمارے لئے  عوام الناس کا تعاون بھی ضروری ہے۔

ایس  پی نے بتایا کہ آج سرسی سے ڈرون کیمرا  کے استعمال کا اغازہو چکا  ہے،  مگر پورے ضلع میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے معاملات  بھٹکل سے سامنے آئے ہیں ، اس لیے ہم بھٹکل کی مکمل نگرانی کررہے ہیں۔ اس تعلق سےبعض میڈیا والوں نے ایس پی کو بتایا کہ بھٹکل کے پرانے محلوں میں  لوگ بڑی  تعداد میں  باہر ہی جمع رہتے ہیں جیسے ہی پولس آنے کی خبر ملتی ہے، لوگ وہاں سے بھاگنے لگتے ہیں۔ اس اطلاع پر ایس پی نے بتایا کہ ہم جب ڈرون کیمروں کا استعمال کریں گے تو وہ ان کیمروں سے چھپ نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیمروں کی مدد سے ہم اُن سبھی لوگوں پر کیس درج کریں گے جو امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھروں سے باہرنظر آتے ہیں۔

بھٹکل ڈی وائی ایس پی گوتم، پی ایس آئی کوڈگُنٹی و دیگر پولس آفسران اس موقع پر موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔