منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بندوق کی زندہ گولیوں کے ساتھ مسافر ہواگرفتار
منگلورو31/جولائی(ایس او نیوز) منگلورو انٹر نیشنل ہوائی اڈے سے ممبئی کے لئے روانہ ہونے کے لئے پہنچے ہوئے ایک مسافر کے بیگیج میں بندوق کی تین زندہ گولیاں دستیاب ہوئیں جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ملزم سنجیو ڈی شیٹی انڈیگو ایئر لائن کی فلائٹ 6E 295 کے ذریعے ممبئی کے لئے روانہ ہونے والا تھا۔ سیکیوریٹی چیک کے دوران سی آئی ایس ایف کے سب انسپکٹر سونم گپتا کو اس کی بیگیج میں زندہ گولیوں کا پتہ چلا۔ ابتدائی پوچھ تاچھ سے معلوم ہوا کہ سنجیو شیٹی کے پاس اسلحہ رکھنے کا کوئی لائسنس نہیں ہے اور بندوق کی گولیاں لے جانے کا کوئی اجازت نامہ بھی اس کے پاس نہیں ہے۔
بیوریو آف سول ایوی ایشن سیکیوریٹی(بی سی اے ایس) کے رہنما اصولوں کے مطابق گرفتار کیے گئے مسافر اور ضبط شدہ اسلحہ اگلی قانونی کارروائی کے لئے مقامی پولیس کے حوالے کیا گیا۔