سکلیشپور میں چٹان کھسکنے کے بعد بینگلورو - منگلورو ٹرینیں روک دی گئیں - ہزاروں مسافر ٹرینوں میں پھنس گئے
منگلورو10/اگست (ایس او نیوز) سکلیشپور اور بلّو پیٹ کے درمیان کل آدھی رات کو پہاڑی چٹان اور زمین کھسکنے اور ریلوے ٹریک پر ملبہ گرنے کی وجہ سے اس روٹ پر ٹرین سروس متاثر ہوئی۔
بینگلورو سے منگلورو کی طرف کل رات کو نکلی ہوئی دو ٹرینوں کو ہاسن اسٹیشن پر روک لیا گیا جس کی وجہ سے ہفتے کی چھٹی منانے کے لئے نکلے ہوئے کئی لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ زمین کھسکنے کا معاملہ پیش آتے ہی آدھی رات کے بعد اس روٹ پر چلنے والی تمام ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ٹریک پر ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ اس دوران محکمہ ریلوے کے ڈپٹی ریجنل منیجر میسورو نے ایکس پر لکھا ہے کہ پڈیل اور ہاسن جنکشن کے درمیان ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جسے جلد ہی بحال کیا جائے گا۔
بینگلورو - کنور، بینگلورو- مرڈیشور اور ہاسن - منگلورو کو جوڑنے والے روٹ پر بھی ٹرین سروس کو منسوخ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہاسن - آلور روٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اس حادثے کے پس منظر میں سکلیشپور، یاداکماری، شریباگیلواور آلور سمیت چھ اسٹیشنوں پر ٹرینوں کو روک لیا گیا جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو کل کی پوری رات رکی ہوئی ٹرینوں میں گزارنا پڑا۔ آج صبح محکمہ ریلوے نے ان مسافروں کے لئے متبادل سفر کا انتظام کیا۔