لالو پرسادیادو کی درخواست ضمانت منظور
رانچی،18؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے سرخیوں میں رہے چارہ گھپلے سے متعلق دمکا خزانے سے غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کی ضمانت آج منظور کرلی۔ جسٹس اپریش کمار سنگھ کی عدالت نے تمام فریقین کی سماعت کے بعد لالو یادو کی حراست کی مدت کو کافی سمجھتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی۔ اس معاملے میں ضمانت کی منظوری کے بعد اب لالو یادو کی رہائی کا راستہ صاف ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
آر جے ڈی کے سربراہ لالو یادو نے اس معاملے میں نصف سزا مکمل کرلی تھی لیکن ضمانت کیلئے انہیں کئی بار عدالت میں عرضی داخل کرنی پڑی۔ واضح رہے کہ لالو یادو کو چارہ گھپلے سے متعلق چائی باسا خزانے سے متعلق دو معاملوں اور دیو گھر کے ایک معاملے میں پہلے سے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ دمکا خزانے سے نکاسی کے معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد اب ان کے جیل سے باہر نکلنے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔
لالو یادو کا فی الحال آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دلی میں علاج چل رہا ہے۔ عدالت کے فیصلے کی کاپی جیل سپرنٹنڈنٹ کو مہیا کرا دی جائے گی۔