بھٹکل میں انجمن کی تعلیمی خدمات اور طلبا کے تعلیمی مستقبل کی تعمیر کے عنوان پر منعقدہ پروگرام میں طلبا کو بیرونی شہروں کے بجائے انجمن میں ہی داخلے کو ترجیح دینے پر زور

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 16th August 2020, 8:26 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل:16؍اگست(ایس اؤ نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل میں موجودہ دور کے تقاضوں کے تحت کافی حد تک تعلیمی لوازمات اور سہولیات میسر ہیں،بہترین اساتذہ ہیں ،تعلیمی ماحول ہے، اس کے باوجود  ہمارے  طلبا کا  شہر سے باہر دور دراز مقامات پر تعلیم کے لئے جانا صحیح نہیں ہے  ۔ طلبا اس بات پر بھی غور کریں کہ وہ اپنے گھر میں رہتے ہوئے  اپنے ایمان و عقیدے کے ساتھ اپنی تعلیم بغیر کسی مشکل کے مکمل کرلیتے ہیں، باہر کی چکا چوند دنیا میں بہت کچھ ہمیں نظر آتا ہے مگر ہمارے ایمان و عقیدے کا خطرہ بھی رہتاہے ۔ ان حالات میں ہمارے طلبا کا انجمن حامئی مسلمین میں میسر تعلیمی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی تعلیم کو جاری رکھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن کے عہدیداران ، علماءکرام اور دیگر ماہرین نے  کیا۔ وہ لبیک نوائط اسوسی ایشن بھٹکل کے زیراہتمام’’انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی تعلیمی خدمات اور طلبا کے تعلیمی مستقبل کی تعمیر‘‘ کے عنوان پر  15 اگست  بروز سنیچر کی رات لبیک ہال میں علاقہ  کے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی میں کامیاب طلبا اور والدین کے لئے منعقدہ  خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

ایس ایس ایل سی اور پی یوسی میں کامیاب طلباو سرپرستوں کی موجودگی میں مہمان خصوصی مولانا عبدالباری دامدا ابو ندوی نے طلبا کو تعلیم کے نئے میدانوں کا تعارف کراتے ہوئے  اس بات کی صلاح دی کہ  وہ دوست و احباب کی تقلید کرنے کے بجائے خود کے  انتخاب کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے  طلبا سے کہاکہ جاری  Trend کے پیچھے نہ جائیں بلکہ  نئی راہوں کی تخلیق کریں ۔ زمین کا بوجھ نہ بنیں بلکہ قوم وملت اور ملک کے لئے فائدہ مند بنیں۔

انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق نے انجمن کی مختصر تاریخ بتاتے ہوئے کہاکہ  انجمن کی   صد سالہ تعلیمی خدمات سمندر کی مانند وسعت رکھتی ہیں، ایک معنی میں انجمن  پورےبھٹکل کا مادر علمی ہے، مذہب و ملت کی تفریق کے بغیر ہرایک انسان کی تعلیمی پیاس یہیں سے بجھی ہے، یہی وہ تعلیمی ادارہ ہے جہاں میسر سہولیات سے استفادہ کرتےہوئے کئی طلبا دنیا کے  کونے کونے میں اعلیٰ سے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ عصری تعلیم کے ساتھ دین کا خوشگوار ماحول ہے۔ انہوں نے اس بات کی جانکاری دی کہ  آئندہ دنوں میں انجمن میں کئی ایک نئے کورسس شروع کئے جارہے ہیں ۔ ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحاق  شاہ بندری نے  بیرونی شہروں میں تعلیم حاصل کرنے سے ہونے والی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے  اس بات پر زور دیا کہ وہ انجمن میں ہی داخلہ لیں  ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انجمن میں طلبہ کے لئے  ہرطرح کی سہولیات  فراہم کی جائیں گی۔

 انجمن الومنی ایہاب ابن امتیاز ادیاور جنہوں نے  حال ہی میں  جرنلزم کا کورس مکمل کیا ہے ، نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے  کہاکہ بیرونی شہروں  کے اکثر تعلیمی ادارے کارپوریٹ کمپنیاں بن گئی ہیں،  انجمن اپنا گھر ہے ، تنقید بھی کرسکتے ہیں  مگر انجمن کو بدنام کرنے کے مقصد سے  نہیں بلکہ تنقید  انجمن  کی بہتری کے لئے ہونی چاہئے انہوں نے عوام الناس سے  انجمن  کے لئے  عملی طور پر تعاون  پیش کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے طلبا سے کہاکہ ’ طلبا ہی کسی کالج کو بہتر بنا سکتے ہیں ‘ ۔ انجمن کے ایک اور  الومنی ایاد ابن نذیر  قاسمجی نے بھی بیرونی شہر کی تعلیمی رکاوٹوں کا تذکرہ کرتےہوئے دینی ماحول نہ ہونے سے ہونے والی  پریشانیوں کا تذکرہ کیا اور اپنے عملی تجربات  بیان  کئے۔ مولانا افضل شاہ بندری ندوی، مولانا محمد ایوب برماور ندوی  اور  پی یو کالج پرنسپال محمد یوسف کولا نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

لبیک نوائط اسوسی ایشن کے صدر رئیس رکن الدین نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ دراصل انجمن کی تعلیمی خدمات کو عوام کے سامنے پیش کرتےہوئے طلبا کو انجمن میں داخلے کی ترغیب دینا مقصود ہے ۔ہائی اسکول کی سطح پر ہی قابل و باصلاحیت طلبا کی نشاندہی کرتےہوئے اعلیٰ تعلیم کی طرف لے جانے کی کاوشوں کا بھی انہوں نے ذکر کیا۔ انہوں نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران سے بھی درخواست کی کہ وہ شہر بھر میں ایسے پروگراموں کو انعقاد کرنے کی کوشش کریں۔

اجلاس کا آغاز مولوی  مستفیض کاڈلی ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ ابوبکر عکاشہ ابن عزیز الرحمان رکن الدین  نے ہدیہ نعت پیش کی۔ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ مولوی ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ مولوی  عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور، سجاد کولا،نجیب شاہ بندری ،عبدالرشید رکن الدین ،یحییٰ شاہ بندری سمیت اسوسی ایشن کے عہدیداران اور طلبا اور سرپرستوں کی کثیر تعداد شریک رہی۔ آخر میں تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی