بھٹکل میں اجتماعی شادیوں کے رواج کو عام کرنے لبیک نوائط نے کی پہل؛ بھٹکل سمیت پاس پڑوس کے قریوں کے لوگوں سے بھی اجتماعی شادی پروگرام سے فائدہ اُٹھانے کی اپیل

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 25th October 2021, 7:39 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل  25 اکتوبر (ایس او نیوز)  اسلام  میں شادی کو آسان بناکر پیش کرنے کے احکامات موجود  ہیں اور سادہ طریقہ پر شادی  کرنے پر زور دیا گیا ہے، لیکن  آج شادی بیاہ  اتنی مہنگی  ہوگئی ہے کہ ایک عام  انسان یا مڈل کلاس  خاندان  کے لئے شادی بے حد مشکل ہوکر رہ گئی  ہے۔  کورونا  وباء اور اس کے بعد قریب دو سال تک چلے لاک ڈاون  سمیت ملک میں بڑھتی مہنگائی سے عام آدمی اتنا زیادہ پریشان ہے کہ  شادی   ایک بوجھ لگ رہی ہے اور شادی کے مقابلے زنا آسان ہوگیا ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے  بھٹکل کے ایک قدیم اسپورٹس سینٹر لبیک نوائط اسوسی ایشن نے     اجتماعی شادی کا رواج  بھٹکل  میں عام کرنے اور لوگوں کے لئے شادی کو آسان بنا کر پیش کرنے کی طرف  قدم بڑھایا ہے اور عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ     اجتماعی شادی کے پروگرامس عام کرنے  میں    لبیک نوائط کے ساتھ تعاون کریں۔

پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے  لبیک نوائط اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے بتایا کہ   شادی کو آسان بنانے  کے مقصد کے   تحت  لبیک نوائط نے بھٹکل میں اجتماعی شادی  کے پروگرامس  شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، لیکن اس کے لئے عوام الناس کے لئے ضروری ہوگا کہ بھٹکل میں اجتماعی شادیوں کو عام کرنے کے لئے   امیر  اور دولتمند  لوگ بھی سامنے آئیں اور اس تحریک کو جلاء بخشنے کے لئے  اجتماعی طور پر شادی کرنے کی طرف توجہ دیں تاکہ ان کی دیکھا دیکھی مڈل کلاس اور غریب طبقہ کے افراد  بھی اجتماعی شادیوں  کی طرف راغب ہوسکے اور  عام لوگوں کو شادی بیاہ بوجھ نہ لگے۔

مولانا نے بتایا کہ  بھٹکل کے عوام کے ساتھ ساتھ اطراف کے قریوں کے لوگ بھی اجتماعی شادی   کرانے لبیک نوائط کے  ذمہ داران سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ کم از کم پانچ جوڑے تیار ہونے کی صورت میں ایک اجتماعی شادی کا پروگرام رکھا جاسکتا ہے۔ اجتماعی شادی  پر   نکاح، ولیمہ اور دیگر اخراجات لبیک نوائط کی  ذمہ داری  ہوگی۔ اس کے علاوہ اجتماعی شادیوں پر مزید کیا سہولیات دی جاسکتی ہیں اُس پر بھی آئندہ غور کیا جاسکتا ہے۔ مولانا نے واضح کیا کہ  اجتماعی شادی کے دوران لبیک نوائط کی طرف سے کسی بھی  طرح کی  فوٹو بازی نہیں کی جائے گی  اور شادیوں کی تشہیر نہیں کی جائےگی ۔ 

مولانا عبدالاحد ندوی نے بتایا کہ  اجتماعی شادی کے پروگرامس ترتیب دینے کے لئے لبیک نوائط نے ایک کمیٹی ترتیب دی ہے جس میں  رونق محتشم (منڈے) کو کنوینر  کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔  عوام الناس سے  مولانا نے درخواست کی جو بھی لوگ اجتماعی  شادی میں شریک ہونا چاہتے ہیں، وہ فوری رونق محتشم (موبائل:  9844027577)  یا   لبیک نوائط کے صدر  رئیس رکن الدین  (موبائل:  9513007003) سے رابطہ کرسکتے ہیں اور شادی کے لئے  نام  درج کراسکتے ہیں۔

موقع پر موجود لبیک نوائط  کے سابق صدر عزیز الرحمٰن   رکن الدین ندوی نے   ایک سوال کا  جواب دیتے ہوئے   بتایا کہ  اجتماعی شادی کے تعلق سے  پروگرام کا مکمل خاکہ  تیار کیا گیا ہے اور اجتماعی شادی کو بھٹکل میں عام کرنے کے لئے بھی  ہم نے پورا ہوم ورک کیا ہے، ، جب لوگ  نام رجسٹرڈ کرانے کے لئے آئیں گے  تو  خاکہ اُن کے سامنے آئے  گا۔

پریس  کانفرنس میں لبیک نوائط کے صدر رئیس رکن الدین سمیت  دیگر ذمہ داران  محی الدین الطاف کھروری،  عبدالروف نائطے، سجاد کولا ،  رونق محتشم اور مرتضیٰ رکن الدین   کے ساتھ ساتھ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل اور ہوناور میں جماعت اسلامی ہند کے زیراہتمام ’سوہاردا افطار کوٹا‘کاانعقاد: برادران وطن نے کیا مسجد اور نماز کا بھی  نظارہ

جب ہم آپس میں ایک دوسرے سے ملتےہیں ، بس میں سفر کرتےہیں تو دنیا بھر کی باتیں کرتے ہیں، سیاست، معیشت، تجارت، بازار وغیرہ پر بہت ساری باتیں کرتےہیں جب کبھی مذہب کے متعلق بات کریں تو فوراً ٹوک دیتے ہیں کہ نہیں صاحب ہم سب آپس میں اچھے ہیں یہ مذہب کی باتیں کیوں؟ ۔ جب کہ سچائی یہ ہے کہ ...

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...