کنداپور:25؍ نومبر(ایس اؤ نیوز) درخت کی ٹہنی کاٹنے کےدوران بجلی کا تار چھو جانے سے ایک نوجوان ہلاک ہونےکا واقعہ گُجّاڑی دیہات کے نایکواڑی چک پوسٹ کے قریب پیش آیا ہے۔
مہلوک کی شناخت گجاڑی دیہات کے مکین سوجئے (20)کے طورپر کی گئی ہے۔ سنگمیشور مندر کے کارتیک دیپوتسوا کٹے پوجا کی تیاریاں جاری تھیں۔ سوجئے آم کاچھپر تعمیر کرنے کے لئے قریب میں موجود آم کے درخت کی ٹہنی کاٹ رہا تھا۔ اسی دوران درخت کے قریب سے گزرنے والے بجلی کے تار وں پر غلطی سے نوجوان کا جسم چھو گیا۔ ہائی وولٹیج کی بجلی گذرنے والی تار کو چھوتے ہی اسے بجلی کا شاک لگا اور وہ سیدھے نیچے گرپڑا۔
زخمی سوجئے کو فوری طورپر مقامی لوگوں نےایمبولنس کے ذریعے اسپتال پہنچایا مگر وہاں ڈاکٹروں نے سوجئے کی موت ہونےکی تصدیق کی۔ معاملے کو لےکر گنگولی پولس تھانےمیں کیس درج ہواہے۔