مویشی چوروں کے ساتھ ساز باز کرنے کے الزام میں 2پولیس والے ہوئے گرفتار۔4کی تلاش جاری
کنداپور 18/جولائی (ایس او نیوز) ایک ہفتے پہلے ساستھان ٹول گیٹ پر 21بھینسوں کی ایک بڑی کھیپ جو ضبط کی گئی تھی، اس تعلق سے گرفتار شدہ ملزمین کے بیانات کی روشنی میں پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ پولیس سے ہی وابستہ 2افراد کو گرفتار کرلیا،جبکہ مزید چارمفرور پولیس والوں کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مویشی چوروں کے ساتھ ساز باز کررکھی تھی اور انہیں جانور ٹرانسپور ٹ کرنے میں تعاون کررہے تھے۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مویشی چوروں کے ساتھ ساز باز کرنے والے جن دو پولیس والوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے ایک ملپے میں کوسٹل سیکیوریٹی فورس سے منسلک سنتوش شیٹی اور دوسرے کا نام فی الحال ضلع شمالی کینرا کے منکی پولیس اسٹیشن میں تعینات ونودگوڈا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مویشی چوری کے الزام میں گرفتار ملزمین نے ضلع کے مختلف پولیس تھانوں میں تعینات مزید چالیس پولیس والوں کے نام بتائے ہیں جو انہیں اس طرح جانوروں کو ٹرانسپورٹ کرنے میں تعاون کررہے تھے۔ان میں سے ایک اعلیٰ پولیس آفیسر کا گن مین بتایا جاتا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کررہی پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ چاروں لاپتہ ہوگئے ہیں۔گرفتار شدہ دو پولیس والوں کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد 15دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔