کنداپور: سامنے آیا پونزی اسکیم کا نیا معاملہ - کمپنی نے گاہکوں کو دیا کروڑوں روپے کا دھوکہ
کنداپور،2 / فروری (ایس او نیوز) کنداپور شہر میں پونزی اسکیم کے ذریعہ گاہکوں کو لوٹنے کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں کمپنی کے گاہک بن کر رقم جمع کرنے والوں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تھورلّی ناڈومنے کی رہنے والی رتنا نامی خاتون نے گنگولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے کہ وہ پدما ہیگڈے نامی خاتون کے ذریعہ چلائی جا رہی 'پدما رویل اسکیم' کی ممبر ہے ۔ پدما ہیگڈے اور موکامبو نامی دو افراد نے اسے اپنی کمپنی کا ممبر بننے کے لئے کہا تھا اور کمپنی میں 2 لاکھ روپے ڈپازٹ رکھنے پر اسے ماہانہ 20 ہزار روپے تنخواہ دینے کی بات کہی تھی ۔ اس کے علاوہ دوسروں کو اس کمپنی کا ممبر بنانے پر 100 روپے فی ممبر کمیشن دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ اس طرح پدما کی بات پر عمل کرتے ہوئے اس نے دو لاکھ روپے ڈپازٹ رکھے اور کئی لوگوں کا اس کمپنی کا ممبر بنایا۔
کمپنی نے اپنے گاہکوں سے وعدہ کیا تھا اگر وہ 500 روپیہ ہفتہ کی 50 قسطیں جمع کرواتے ہیں تو انہیں آخر میں 34 ہزار روپے ، اگر ہفتہ واری قسط کے طور پر 950 روپے جمع کروائیں گے تو 68 ہزار روپے اور 1000 ہزار روپے ماہانہ کے طور 12 قسطیں جمع کروائیں گے تو 17 ہزار روپے، 2 ہزار روپے جمع کروانے پر 34 ہزار روپے ، ایک سال کے لئے 50 ہزار روپے جمع کرنے پر 80 ہزار روپے اور ایک لاکھ روپے جمع کرنے پر 1.60 لاکھ روپے واپس دئے جائیں گے۔
اس طرح درجنوں گاہکوں سے رقم جمع کروانے کے بعد پدما ہیگڈے اور اس کے گھر والوں کی کمپنی نے وعدہ کے مطابق اضافی رقم کے ساتھ ان کی اصل رقم نہیں لوٹائی ہے ۔ پولیس کے پاس درج شکایت میں جن لوگوں کو دھوکہ دئے جانے کی بات کہی ہے ان کی رقم تقریباً دو کروڑ روپے ہے ۔ ممکن ہے ابھی بہت سے گاہکوں کی تفصیل آنی باقی ہو۔
گنگولی پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے پدما ہیگڈے اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔