ایوش ڈاکٹر وں کے مطالبہ پر حکومت فوری غورکرے: سابق وزیراعلیٰ کمارسوامی
بنگلورو،18؍جولائی (ایس او نیوز) اجتماعی استعفےٰ دینے کی دھمکی دینے والے دوہزار ایوش ڈاکٹروں کے مطالبہ پر غورکرنے سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے ریاستی حکمت کو مشورہ دیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس وقت ریاست کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت ہے اگر دوہزار ایوش ڈاکٹروں نے ایک ساتھ استعفیٰ دے دیا تو سرکاری اسپتالوں میں کووڈ مریضوں کا علاج مشکل میں پڑجائے گا۔ اس وقت ہمیں سرکاری اسپتالوں میں طبی عملہ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ایوش ڈاکٹروں کو ماہانہ20؍ہزار روپئے تنخواہ دی جارہی ہے جب کہ الوپتھی ڈاکٹروں کو ماہانہ 60؍ہزار روپئے دیئے جارہے اس بڑے فرق کو دورکرکے ان کی تنخواہ میں اضافہ کرنے کا ایوش ڈاکٹرس مطالبہ کررہے ہیں اور دھمکی دی ہے کہ حکومت نے ان کے مطالبہ کو پورا نہیں کیا تو وہ اجتماعی استعفےٰ دے دیں گے۔ کمارسوامی نے کہاکہ ایوش ڈاکٹروں کا مطالبہ قابل غور ہے۔ الوپتھی اور ایوش ڈاکٹروں کے درمیان تنخواہ میں بہت زیادہ فرق ہے اس فرق کو درست کرنا چاہئے۔