بنگلورو،17؍ اگست (ایس او نیوز) بسواراج بومئی کے بی ایس ایڈی یورپا سے ریاستی وزارت اعلیٰ کی کرسی سنبھالنے سے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت میں ایک تصویر سامنے آئی ہے جس نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی ہے۔ اس میں بومئی کے فرزند بھرت کو صنعتی لیڈروں کے ساتھ ودھان سودھا میں دیکھا جا سکتا ہے۔ 8اگست کو صنعتی لیڈروں نے وزیر اعلیٰ سے خیر خواہی ملاقات کی تھی اور شہر میں صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچہ کے موضوع پربات چیت کی تھی۔ اس میں معروف صنعت کاروں عظیم پریم جی، موہن داس پائی، بائیو کان لمیٹڈ کی چیر پرسن کرن مزومدار وغیرہ شریک تھے۔ حزب اختلاف کانگریس نے سوال اٹھایا ہے کہ صنعت کاروں کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے اجلاس میں بھرت کا کیا کام ہے۔ ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں کانگریس نے پوچھا ہے کہ کیا بھرت کی موجودگی کا تعلق ”وراثت کی سیاست“ سے ہے اور انہیں دھرتاراشٹرا بھی کہا۔