بھٹکل کے ایک عالم دین کی صرف 47 دنوں میں حفظ قران کی تکمیل پر تہنیتی جلسہ
بھٹکل، 15؍اگست (ایس او نیوز) نوجوان عالم دین عبدالغفار کی صرف 47 دنوں کے اندر حفظ قران مکمل کرنے پر ان کے اعزاز میں بدریہ کالونی میں واقع مسجد ابوہریرہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی تہنیت کی گئی اور انہیں مبارکباد سمیت انعامات سے نوازا گیا۔
پروگرام میں صدر شعبہ حفظ مولانا عمران صاحب ندوی نے ان کی قرآن مجید کی تکمیل کرائی اور عبدالغفار کو اتنے کم دنوں کے اندر قران مجید حفظ کرنے پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بتایا کہ اتنے کم عرصہ پر حفظ مکمل کرنے سے بھی قرآن مجید کے اعجاز کا ظہور ثابت ہوتا ہے انہوں نے حافظ عبدالغفار کو اُن سینکڑوں نوجوانوں کے لیے بھی قابل تقلید قرار دیا جو قرآن مجید کے حفظ کرنے کا ارادہ تو رکھتے ہیں لیکن پس و پیش میں مبتلا رہتے ہیں۔
اس موقع پر شہر کے مختلف علماء کرام مولانا خواجہ اکرمی مدنی، مولانا الیاس ندوی مولانا انصار ندوی مولانا مقبول ندوی وغیرہ نے قرآن مجید اور حفظ قرآن کے تعلق سے اہمیت اور فضیلت پر مفید باتوں سے نوازا۔نظامت کے فرائض مولانا ناصر صاحب نےانجام دئے۔ مولانا عرفان صاحب کی دعا پر مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔