بنگلورو 9جنوری (ایس او نیوز) ایک المناک واقعہ میں کنڑ فلم اداکار یش کے ایک 28سالہ مداح نے گذشتہ روز خودسوزی کرلی جس کی بنگالورو کے وکٹوریہ اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔
پولیس نے کہا کہ یش کا مداح روی ہے ۔ وہ اداکار کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد دینے کے لئے ہوساکیرے ہلی علاقہ میں واقع ان کے مکان پر گیا تھا۔ جب یش باہر نہیں آئے تو اس نے اپنے جسم میں کیروسین ڈال کر آگ لگالی۔اس کو فوری طور پر 80فیصد جھلسی ہوئی حالت میں وکٹوریہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس نے گذشتہ روز آخری سانس لی۔ یش نے فلم اداکار سے سیاست داں بنے کرناٹک کے سابق وزیر ایم ایچ امبریش کی موت کے سبب اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس بات کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کا تعاون کریں اور کوئی بھی انتہائی اقدام نہ کریں۔ روی کی خودسوزی کی کوشش کی اطلاع ملنے کے بعد اداکار نے اسپتال پہنچ کر گذشتہ روز اس کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے تفصیلات معلوم کی تھیں تاہم آج صبح روی کی موت ہوگئی۔ گری نگر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔