کیرالہ سونا اسمگلنگ کیس:کیاوزیر کے ٹی جلیل کی شکل میں بھٹکل سے تارجوڑنے کی ہورہی ہے کوشش؟
بھٹکل،17؍ستمبر (ایس او نیوز) شمالی کینرا کے ایک کنڑا اخبار نےآج اپنی لیڈ اسٹوری میں کیرالہ کے سونا اسمگلنگ کیس میں وہاں کی ایل ڈی ایف حکومت کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کے ٹی جلیل کو اہم ملزم بتاتے ہوئے اس معاملے کے تار بھٹکل سے جوڑ نے کی کوشش کی ہے۔
اخبار نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا مبہم سا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ای ڈی خفیہ طور پرسوا بھٹکل میں اسمگل کرنے کے سلسلے میں کے ٹی جلیل سے تفتیش کی تیاری کررہاہے۔کیونکہ ای ڈی کو پتہ چلا ہے کہ وزیرکے ٹی جلیل نے کیرالہ میں یواے ای سفارت خانے کے پتہ پر سونااسمگل کرنے کی کلیدی ملزم سپنا سریش سے کئی بار ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا تھا ۔ ایسالگتا ہے کہ اس معاملے میں جلیل ایک اہم ترین مشتبہ کردار ہے اور انہوں نے’ سی۔ ایپٹ‘نامی سرکاری ادارے کی موٹر گاڑی میں گھریلو استعمال کی چیزوں کےساتھ یہ سونا بھٹکل پہنچانے کاکام کیا ہے۔
اس تفصیلی مضمون میں کے ٹی جلیل کے بارے میں یہ بھی لکھا ہے کہ انہوں نے رمضان کے مہینے میں سفارت خانے کے پتے پریو اے ای سے250’ رمضان کٹس‘اور ’قرآن‘ کے نسخے برآمد کر نے کے نام پر سونا اسمگل کرنے کاکام انجام دیا ہے، کیونکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کسی بھی سفارت خانے کے نام پر آنے والے پارسل کی ایئر پورٹ پر کسٹمز کی طرف سےجانچ نہیں ہوتی ہے۔پھر ا ن پاکٹس کوملپورم سے سرکاری گاڑی میں ہی بھٹکل تک پہنچایا گیا ہے۔ ابھی یہ نہیں معلوم ہوا ہے کہ ان پاکٹس کو بھٹکل میں کس نے وصول کیا تھا۔ اخبار نے اپنی اسٹوری میں کہا ہے کہ اب تحقیقاتی ایجنسی کی تفتیش کا دائرہ کیرالہ سے بھٹکل تک پہنچ گیا ہے۔