پی ایف آئی پر مودی حکومت کی یلغار اور سو سے زائد کارکنان کی گرفتاریوں کے بعد آج کیرالہ بند؛ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی وارداتیں؛ 70 بسوں کو نقصان؛ ہائی کورٹ نے لی ازخود نوٹس

کالی کٹ 23 ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسیاں) جمعرات علی الصباح کیرالہ سمیت ملک کی 15 ریاستوں کے 93 مقامات پر مودی حکومت کی پی ایف آئی پر یلغار اور سو سے زائد لوگوں کی گرفتاریوں کے بعد ایک طرف ملک کے مختلف حصوں میں جمعرات کو ہی پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے وہیں آج جمعہ کو ریاست کیرالہ میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے دکانوں اور کاروباری اداروں کو بند رکھا گیا ہے۔
میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق آج جمعہ کو ہڑتال کے دوران کیرالہ میں کئی جگہوں پر پتھراو اور توڑ پھوڑ کی وارداتیں پیش آئی ہیں، تروننت پورم، کولّم، کالیکٹ، وائناڈ اور الاپوزا میں پتھراو اور توڑ پھوڑ کے بعد ہڑتال تشدد میں تبدیل ہونے کی اطلاعا ت ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق مظاہروں کے پرتشدد ہونے کے بعد، کیرالہ ہائی کورٹ نے PFI کے رہنماؤں کے خلاف از خود نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف فوری کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی ایف آئی نے ریاست میں اچانک ہڑتال کا اعلان کیا، حالانکہ ہڑتال پر عدالت نے پہلے ہی پابندی عائد کررکھی ہے۔ عدالت نے کہا کہ جاری حملوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ کہا گیا ہے کہ ہڑتال کرنا ہے تو پہلے پیشگی اطلاع دینی چاہئے ۔ بند کے خلاف معاملے کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کیرالہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ بند کی حمایت نہ کرنے والے شہریوں اور سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے مناسب انتظامات کرے۔
میڈیا میں آئی رپوٹوں کو مانیں تو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) کے خلاف ملک گیر چھاپوں اور گرفتاریوں کے بعد آج جمعہ کو کیرالہ بند کی کال دی گئی تھی جس کے دوران کیرالہ کے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی اطلاعات ملی ہیں۔ کولّم میں دو پولیس اہلکاروں پر حملہ کئے جانے کے ساتھ ساتھ کنّور میں آر ایس ایس کے ایک دفتر پر پٹرول بم پھینکے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس دوران تمل ناڈو کے کوئمبتور میں بی جے پی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کئے جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے خبر دی ہے کہ NIA کے چھاپوں کے خلاف پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی طرف سے آج بلائے گئے ریاست گیر سطح پر بند کی حمایت کرنے والے لوگوں نے مبینہ طور پر ایک آٹو رکشہ اور ایک کار کو نقصان پہنچایا، ساتھ ساتھ کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی کئی بسوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نقصان پہنچایا۔ میڈیا رپورٹوں کی مانیں تو قریب 70 بسوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے جس کے نتیجے میں کے ایس آرٹی سی کو قریب دیڑھ کروڑ روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔اس کے علاوہ آج ریاست میں بس سروس بند ہوجانے سے جو نقصان ہوا ہے، وہ پھر الگ ہے۔
رپورٹوں کے مطابق پی ایف آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری اے عبدالستار نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ایف آئی لیڈران اور کارکنان کی گرفتاریوں کی مخالفت میں جمعہ کو ہڑتال کی کال دی گئی ہے جو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے کیرالہ بند کے پیش نظر ریاست میں سیکورٹی سخت کر دی تھی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایات جاری کر دی گئی تھی ۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔