کشمیر: برف وباراں سے معمولات متاثر، فصلوں کو کافی نقصان

Source: S.O. News Service | Published on 24th October 2021, 12:21 AM | ملکی خبریں |

سری نگر،24؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری کا سلسلہ جمعے کی شام سے ہی شروع ہوا جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں موسمی صورتحال 24 اکتوبر کی دوپہر تک جوں کی توں رہنے کی توقع ہے تاہم اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے اور 2 نومبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے۔ ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ ہفتے کے روز نقل و حمل کے لئے بند رہی۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسکنے سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو ہفتے کے روز نقل و حمل کے لئے بند رکھا گیا۔

وادی کے بالائی علاقوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ، یوسمرگ، دودھ پتھرہ وغیرہ میں درمیانی درجے کی برف باری ہوئی۔ ان سیاحتی مقامات پر موجود غیر مقامی سیاحوں کو برف باری سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک سیاح نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ برف باری سے کشمیر کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگ جاتے ہیں اور یہ جنت کا نظارہ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برف باری سے لطف اٹھا رہے ہیں اور اب کچھ اور دن یہاں گزاریں گے۔

متعلقہ محکمے کے مطابق سری نگر میں گزشتہ شام سے ہفتے کی صبح ساڑے آٹھ بجے تک 31.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 5.6 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے جبکہ 43.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں 9.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قصبہ قاضی گنڈ میں 58.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وسطی اور جنوبی کشمیر کے بعض میدانی علاقوں میں بھی ہلکے درجے کی برف باری ہوئی ہے جس سے فصلوں خاص کر میوہ فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں برف باری سے کئی سیب کے باغ تباہ ہوئے ہیں اور درخت پھل سمیت اکھڑ گئے ہیں۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے کئی دیہات میں جہاں درختوں سے ابھی سیب اتارے ہی جا رہے تھے جبکہ ابھی دھان فصل کی کٹائی کا کام بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا تھا۔

محکمہ موسمیات نے قریب ایک ہفتہ قبل ہی ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کسانوں کو سیب اتارنے اور فصل کٹائی کا کام جلد ہی مکمل کرنے کی تاکید کی گئی تھی۔ وادی میں خراب موسمی حالات سے سردی میں نمایاں اضافہ درج ہوا ہے جس نے لوگوں کو موسم سرما میں پہنے جانے والے گرم لباس کو زیب تن کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ اور گرمی کے لئے روایتی ’کانگڑٰی‘ کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے اور دفتروں اور دکانوں میں بھی گرمی کے لئے الیکٹرانک آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...