کاسرگوڈ،19؍اگست (ایس او نیوز) کُمبلے میں دو نوجوانوں نے پر اسرار حالات میں خودکشی کرلی ہے جس لاشیں 18؍اگست کودرختوں سے لٹکتی ہوئی پائی گئیں۔ مہلوک نوجوانوں کی شناخت نائیکاپو وین روشن (21سال) اور منی کنتھا (19سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں نوجوان 18؍اگست کی شام سے ہی لاپتہ ہوگئے تھے۔کمبلے پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشیں درختوں پر سے اتار نے کے بعدکاسرگوڈ جنرل اسپتال میں پوسٹ ماٹم کے لئے روانہ کردیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں کی دوستی ایک ایسے شخص کے ساتھ تھی جس پر ہریش(38سال) نامی شخص کو دو دن پہلے قتل کرنے کا شبہ ہے۔ ہریش جب 17؍اگست کی شام کو اپنے کام سے واپس لوٹ رہاتھا تو اسے بڑی بے رحمی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ان دو نوجوانوں کی خودکشی کا اس قتل سے کوئی تعلق ہوسکتا ہے۔ اس لئے دیگر زاویوں کے علاوہ پولیس اس طرز پر بھی تحقیقات کررہی ہے۔