کاسر گوڈ: اپنی شادی نہ کروانے سے ناراض شخص نے بیک وقت 4رشتے داروں کو کلہاڈی سے قتل کرڈالا
کاسرگوڈ،4؍اگست (ایس او نیوز)کمبلے کے قریب پاؤلیکے پنچایت حدود میں ایک شخص نے اپنے چار قریبی رشتے داروں کواپنی شادی کی فکر نہ کرنے کی وجہ سے ناراض ہوکر کلہاڈی سے قتل کر ڈالا۔ اس قاتلانہ حملے سے اس کی ماں بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ ملزم کو مقامی لوگوں نے دھر دبوچ کر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اودیا نامی یہ شخص اپنی ماں کے علاوہ تین ماموں اور ایک مامی کے ساتھ رہتا تھا۔ پچھلے کچھ برسوں سے اس کا دماغی توازن بگڑا ہوا تھا جس کا علاج چل رہاتھا۔ اودیا اس بات سے ناراض رہتا تھا کہ اس کے گھر والے اس کی شادی کے سلسلے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چار دن قبل اس نے گھر والوں کو دھمکی دی تھی کہ اس کی شادی کی نہ کرنے کی وجہ سے وہ اپنے گھر کے تمام لوگوں کو قتل کر ڈالے گا۔ مگر گھر والوں نے اس کی اس دھمکی کو سنجیدگی سے نہیں لیاتھا۔
اودیا کا ماموں ویٹّل کلہاڑیوں کودھار لگانے اور ان پر دستے چڑھانے کاکام کیا کرتاتھا اس لئے ان کے گھر میں کلہاڑیاں رکھی ہوئی ہوتی تھیں۔ اودیا نے کل اچانک گھر میں رکھی ہوئی ایک کلہاڈی اٹھائی اور غیر متوقع طور پر وہ اپنے تینوں ماموں او رایک مامی پر حملہ آور ہوا۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ چاروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اس دوران وہ اپنی ماں کو بھی قتل کرنے کے درپے تھامگر وہ گھر سے بھاگ کھڑی ہوئی اور پڑوس کے ایک گھر میں جاکر چھپ گئی۔
چاروں رشتے داروں کو بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد اودیا موقع پر سے بھاگ نکلا اور سڑک پر نصف کلومیٹر تک دوڑتا رہا۔پھر کچھ مقامی افراد نے اس کو پکڑ لیا اور آٹو رکشہ میں جائے واردات پر لے آئے۔ اس نے دوبارہ وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو موقع پر موجود لوگوں نے اس کے ہاتھ پیر باندھ ڈالے اور پولیس کے پہنچنے پر اس کو ان کے حوالے کردیا گیا۔ملزم کو گرفتار کرنے کے ساتھ منجیشور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔